نئی دہلی، 8 اکتوبر (یو این آئی) جی ایس ٹی کونسل نے اس بالواسطہ ٹیکس نظام کے تحت گرفتاری کی شق ختم کرنے اور فوجداری مقدمہ چلانے دفعات کو معقول بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کونسل نے جی ایس ٹی کے طریقہ کار اور قواعد کی پابندی سے متعلق نظام میں وسیع اصلاحات کی سفارشات کی ہیں۔ مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتا رمن کی صدارت میں جی ایس ٹی کونسل کے 57ویں اجلاس میں یہ فیصلے کیے گئے ۔ گزشتہ سال ستمبر کے اجلاس کے بعد یہ پہلا اجلاس تھا۔ گزشتہ اجلاس جی ایس ٹی کی شرحوں اور ٹیکس نظام میں وسیع اصلاحات کیلئے یاد کیا جاتا ہے ، جبکہ اس بار طریقہ کار اور قواعد کی پابندی میں بہتری پر زور دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کونسل کے 57ویں اجلاس کی سفارشات اگلے سال 01 اپریل سے نافذ کی جائیں گی۔ آج کے ایجنڈے میں سپلائی سلسلے کی کسی سطح پر کسی ادارہ کی جانب سے ٹیکس ذمہ داری پوری نہ کرنے کی صورت میں جی ایس ٹی ان پٹ ٹیکس کریڈٹ میں رکاوٹ دور کرنے اور مرکزی جی ایس ٹی کے تحت کثیر ملکی اداروں کیلئے ایک ہی کھڑکی کی سہولت شروع کرنے کے معاملات افسران کی کمیٹی کو سونپے گئے ہیں۔ اس کمیٹی کی سفارش 3 ماہ میں آ جائے گی۔ سیتا رمن نے کہا کہ جی ایس ٹی کی شرحوں کا جائزہ لینے اب ہر سال جی ایس ٹی کونسل کا الگ اجلاس ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اب جی ایس ٹی کے تحت گرفتاری کا اختیار ختم کر دیا گیا ہے ۔ قانونی کارروائی شروع کرنے کی کم از کم حد 1 کروڑ روپے سے بڑھا کر 5 کروڑ روپے کر دی گئی ۔ اس کے ساتھ ہی کم از کم سزا کی شق بھی ختم کر دی گئی ہے ۔ دیر سے ریٹرن داخل کرنے پر اصل ٹیکس کی رقم کی وصولی، سود اور جرمانے کے علاوہ کوئی کارروائی نہیں کی جا سکے گی۔ وزیر فینانس نے کہا کہ مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں سی جی ایس ٹی دائرئہ اختیار میں آنے سے بہت سے ٹیکس دہندگان کو فی الحال الگ ریٹرن داخل کرنے پڑتے ہیں۔ سی جی ایس ٹی کے تحت 69.5 لاکھ ٹیکس دہندگان میں سے 2 لاکھ اس زمرے میں آتے ہیں۔ ان کیلئے ایک مربوط کھڑکی بنانے خاکہ تیار کیا جائے گا۔ یہ اگلے مالی سال سے نافذ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رقم واپسی کے دعوے کی وصولی کی تصدیق میں وقت کو 15 دن سے کم کرکے 10 دن کر دیا گیا ۔ رجسٹریشن کا عمل آسان بنانے درکار دستاویزات پر واضح معلومات دستیاب ہوں گی۔ حکام سے اداروں کو رہنمائی دی جائیگی اور مدد فراہم کی جائے گی۔ چھوٹے سپلائرز کیلئے آن لائن تجارت کے ذریعے سامان فراہم کرنے رجسٹریشن آسان کیا جائے گا۔ ٹیکس دہندگان رجسٹریشن کے وقت دی گئی معلومات میں خود ترمیم کر سکیں گے اور رجسٹریشن منسوخ کرنے کی درخواست خود بخود منظور شدہ تصور کی جائے گی۔ آج اجلاس میں جی ایس ٹی کے تحت گرفتاری کی دفعات ختم کرنے کی سفارش کے ساتھ ہی مقدمہ چلانے متنازعہ ٹیکس رقم کی حد 1 کروڑ سے بڑھا کر 5 کروڑ کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔ عام جرمانے کو 25,000 روپے سے کم کرکے 10,000 کرنے اور ان پٹ ٹیکس کریڈٹ اور رقم واپسی کیلئے اہلیت کا دائرہ بڑھانے کی سفارش کی گئی ہے ۔