جی ایچ ایم سی کا بل کلکٹر گرفتار

   

حیدرآباد 20 مئی (سیاست نیوز) اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے جی ایچ ایم سی کے بِل کلکٹر کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق کے مہندر نائک نے جو سرکل نمبر 24 کوکٹ پلی کا بِل کلکٹر ہے، راج الیکٹرانکس کے مالک ناگراجو سے 30 ہزار روپئے کی رشوت طلب کی تھی جس پر ناگراجو نے اینٹی کرپشن بیورو سے شکایت درج کروائی تھی۔ اِس ضمن میں بیورو کے عہدیداروں نے کارروائی کرتے ہوئے مہندر نائک کو جگت گیری گٹہ اسبسطاس کالونی میں پیر کی دوپہر اُس وقت رنگے ہاتھوں پکڑ لیا جب وہ رشوت کی رقم حاصل کررہا تھا۔ بیورو کے عہدیداروں نے گرفتار ملزم عہدیدار کے قبضہ سے رشوت کی رقم برآمد کرلی اور اُسے گرفتار کرلیا۔ جی ایچ ایم سی بِل کلکٹر کو انسداد رشوت ستانی کورٹ میں پیش کیا جارہا ہے۔