جی ایچ ایم سی کا جنکشن امپرومنٹ پلان

   

شہر میں 114 جنکشنس کی نشاندہی ، خوبصورت بنانے پر توجہ
حیدرآباد ۔ 2نومبر ۔ ( سیاست نیوز) جی ایچ ایم سی نے شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے جملہ 114 جنکشنس کی نشاندہی کی ہے ان میں کئی جنکشنس کو پہلی مرتبہ ترقی دی جائیگی اور خوبصورت بنایا جائیگا ۔ سی آر ایم پی کے تحت خانگی ایجنسیوں کی جانب سے دیکھ بھال کی جارہی سڑکوں پر ساٹھ جنکشنس کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ جنکشنس کو بہتر بنانے کیلئے تجاویز پیش کرنے آرکیٹیکٹس کو مقرر کیا جائیگا تاکہ اس سلسلہ میں مزید کارروائی کی جائے ۔ اس کے علاوہ 54 جنکشنس کو قبل ازیں کسی حد تک ترقی دی گئی تھی اُنھیں پھر مزید بہتر اور خوبصورت بنانے کیلئے ترقی دی جائیگی ۔ چارمینار سرکل میں تین جنکشنس ، خیریت آباد میں 24 ، سری لنگم پلی ، ایل بی نگر اور کوکٹ پلی میں ہر سرکل میں چھ اور سکندرآباد میں 9 جنکشنس اس پیاکیج کا حصہ ہوں گے ۔ جی ایچ ایم سی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ بنگلورو میں اسی فیلڈ میں کام انجام دینے والی ایجنسی جناگراہا سنٹر فار سٹیزن شپ اینڈ ڈیموکریسی کو 12 جنکشنس کے لئے کنسلٹنٹ مقرر کیا گیا ہے۔ مابقی کیلئے متعلقہ زونل کمشنرس فیصلہ کریں گے ۔ انھوں نے کہاکہ اسٹریٹ فرنیچر کی تنصیب ، گرینری کو فروغ دینا ، پیدل راہگیروں کیلئے سہولتوں کی فراہمی اور روشنی کا انتظام کرنا جنکشن امپرومنٹ پلان کا حصہ ہوں گے ۔