حیدرآباد۔ 16 مارچ (پریس نوٹ) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے مالی سال 2022-23 کے لئے 6150 کروڑ کے سالانہ بجٹ کو اسٹینڈنگ کمیٹی نے آج منظوری دیدی۔ جی ایچ ایم سی نے گزشتہ سال کے مقابل اس سال اپنے سالانہ بجٹ میں 550 کروڑ روپے کا اضافہ کیا ہے۔ نظرثانی شدہ بجٹ تخمینہ برائے سال 2021-22 کو بھی 6300 کروڑ تک بڑھا دیا گیا ہے اور نظرثانی شدہ بجٹ تخمینہ کو بھی منظوری دیدی گئی ہے۔ 6150 کروڑ منظورہ بجٹ میں کیپٹل مصارف کے ذریعہ سنیٹیشن، روڈ انفرااسٹرکچر، ڈرینس، گرینری اور دیگر ترقیاتی کام انجام دیئے جائیں گے جن کے مصارف کا تخمینہ 3350 کروڑ روپے بتایا گیا ہے۔ ریونیو آمدنی 3434 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے 2022-23 میں پراپرٹی ٹیکس کے ذریعہ 1700 کروڑ روپے کے حصول کا منصوبہ ہے۔ ٹریڈ لائسنس فیس کے ذریعہ 63 کروڑ روپے حاصل کئے جائیں گے۔ جی ایچ ایم سی اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت میئر جی وجئے لکشمی نے کی۔