جے این یومیں40 سال بعد فیس میں اضافہ کیا گیا:حکومت

   

نئی دہلی، 5 دسمبر(سیاست ڈاٹ کام)حکومت نے جمعرات کو راجیہ سبھا میں کہاہے کہ تقریبا 40 سال کے بعد دہلی کے جواہر لعل نہرو یونیورسٹی(جے این یو) کے طالب علموں کو دی جانے والی مختلف سہولیات اور خدمات کی فیس میں اضافہ کیا گیا ہے ۔انسانی وسائل کے وزیر رمیش پوکھریال نشنک نے ایوان میں ایک سوال کے تحریر ی جواب میں بتایا کہ جے این یو کے مطابق یونیورسٹی نے ہاسٹل کے تزئین وآرائش کے بڑھتے ہوئے اخراجات کو پورا کرنے کے لئے اور انہیں ‘نہ فائدہ نہ نقصان’ کی بنیاد پر چلانے کے لئے تقریبا 40 برسوں کے بعد کمروں کے کرایہ میں اضافہ کیا ہے ۔ ایک کمرہ (سنگل)کا کرایہ 10 روپے سے بڑھا کر 300 روپے فی ماہ اور کمرہ (ڈبل) کا کرایہ 20 روپے سے بڑھا کر 600 روپے فی ماہ کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے ۔دیگر سہولیات اور خدمات کی فیس 1000 روپے فی ماہ کرنے کی تجویز ہے ۔ پہلے اس کی کوئی فیس نہیں لی جاتی تھی۔غریبی کی سطح سے نیچے رہنے و الے اہل خانہ کے بچوں کو سبھی مدوں میں 50 فیصد فیس دینی ہوگی۔انہوںنے بتایا کہ جے این یو سمیت مرکزی یونیورسٹی خودمختار ادارے ہیں اور متعلقہ قوانین اور ان کے بنائے گئے آرڈی ننس سے چلائے جاتے ہیں۔

آر ایس ایس ادارہ کو اسٹامپ ڈیوٹی سے استثنیٰ منسوخ
ممبئی ۔ 5ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے نے آج اپنے پیشرو بی جے پی زیرقیادت حکومت کی جانب سے آر ایس ایس کے ملحقہ ادارہ کو اسٹامپ ڈیوٹی اور رجسٹریشن فیس سے دیئے گئے استثنیٰ کو منسوخ کردیا ۔ یہ ادارہ ناگپور میں واقع ہے ۔ ناگپور میں قائم تحقیقی ادارہ برائے ریسرجنس فاؤنڈیشن جسے بھارتیہ سکھشا منڈل کی جانب سے قائم کیا گیا ہے جو کہ آر ایس ایس کا ملحقہ ادارہ ہے ۔ اس ادارہ کے ذریعہ 9ستمبر کو کرول تحصیل میں ایکڑوں میں زمین خریدی گئی جس کیلئے فڈنویس حکومت نے 1.5کروڑ روپئے مالیتی اسٹامپ ڈیوٹی اور رجسٹریشن فیس سے استثنیٰ دی گئی تھی ۔