تیز رفتاری سے گریز ضروری ، سدی پیٹ میں روڈ سیفٹی بیداری پروگرام سے خطاب
سدی پیٹ۔18 اپریل ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) روڈ حادثات کی روک تھام کے مقصد سے ضلع سدی پیٹ گجویل کے مہتی آڈیٹوریم میں منعقد کیا گیا ’ارائیو الائیو‘ روڈ سیفٹی بیداری اجلاس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اس پروگرام میں مہمانِ خصوصی کے طور پر ریاستِ تلنگانہ کے ڈی جی پی شیو دھر ریڈی شریک ہوئے۔ ضلع کلکٹر ہیماوتی اور پولیس کمشنر رشمی پیرو مال نے بھی اجلاس میں شرکت کر کے گاڑی چلانے والوں کو رہنمائی فراہم کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی شیو دھر ریڈی نے کہا کہ روڈ سیفٹی کے اُصولوں پر عمل کرنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سوچ بھی نہیں پاتے کہ حادثہ کب ہو جائے، اس وقت ردِعمل کا موقع بھی نہیں ملتا، اس لیے چوکنا رہنا بہت ضروری ہے۔ہائی ویز پر ہمیشہ بائیں جانب چلنا چاہیے اور صرف اوور ٹیک کرنے کے وقت دائیں جانب جانا چاہیے، اور فوراً واپس بائیں طرف آ جانا چاہیے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ موجودہ حالات میں صرف 10 فیصد لوگ ہی اس اصول پر عمل کر رہے ہیں۔دو پہیہ گاڑی چلانے والوں کے لیے ہیلمٹ پہننا لازمی ہے ۔کار میں سفر کرنے والے تمام افراد کو سیٹ بیلٹ پہننا ضروری ہے۔دیہی سڑکوں سے ہائی وے پر آنے سے پہلے ایک منٹ رک کر ٹریفک کو راستہ دینا چاہیے۔ پولیس کمشنر رشمی پیرو مال، آئی پی ایس نے کہا کہ ’’ارائیو الائیو‘‘ صرف ایک مہم نہیں بلکہ یہ آپ کا اپنے خاندان سے محفوظ واپسی کا وعدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل کر کے نہ صرف اپنی بلکہ اپنے اہلِ خانہ کی زندگیوں کو بھی محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے ڈرائیورز کو تیز رفتاری سے گریز کرنے کا مشورہ دیا۔ نشے کی حالت میں گاڑی چلانا انتہائی خطرناک ہے ۔اس موقع پر ضلع کلکٹر ہیماوتی نے کہا کہ روڈ سیفٹی ہر شہری کی سماجی ذمہ داری ہے۔ہر شہری کو ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے اصولوں کی ادی معلومات ہونی چاہیے۔