حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانے وندے ماترم کا تنازعہ،ہنمنت راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد :19 اگست ( سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر لیڈر اور حکومت کے مشیر برائے بی سی طبقات وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو بی جے پی سے حب الوطنی کا سرٹیفیکٹ حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ وندے ماترم کے مسئلہ پر بی جے پی قائدین کانگریس پارٹی کو نشانہ بنارہے ہیں جبکہ ملک کی جدوجہد آزادی سے بی جے پی کا کوئی تعلق نہیں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وندے ماترم کے نام پر مرکزی حکومت عوام کی توجہ حقیقی مسائل سے ہٹانا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی کی ملک کیلئے قربانی پر سوال کرنا مضحکہ خیز ہے ۔ سونیا گاندھی نے وزیراعظم کا عہدہ قبول نہیں کیا اور ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حب الوطنی کے مسئلہ پر کانگریس کسی سے سیکھنے کی ضرورت نہیں ہے ۔کانگریس نے جدوجہد آزادی کی قیادت کی اور جس وقت انگریزوں کے خلاف وندے ماترم پڑھا گیا اُس وقت بی جے پی اور سنگھ پریوار کا کوئی وجود نہیں تھا ۔ ہندو توا نظریات کے حامل قائدین انگریزوں کے ساتھ مل کر مجاہدین آزادی کی جاسوسی کررہے تھے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ اندرا گاندھی ، راجیو گاندھی ، سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے ملک کیلئے جو خدمات انجام دیئے ہیں انہیں فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ بی جے پی نوجوانوں کے احتجاج سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے ۔1/S/m/b