حجاج کرام کی واپسی کا عمل آج مکمل

   

22قافلوں کی واپسی، آندھرا پردیش کے حجاج بنگلور واپس
حیدرآباد۔/14 ستمبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش کے حجاج کرام کی وطن واپسی کا عمل آج مکمل ہوگیا۔ ایکزیکیٹو آفیسر آندھرا پردیش حج کمیٹی ایل عبدالقادر نے بتایا کہ حیدرآباد اور بنگلور سے روانہ ہوئے تمام حجاج کرام وطن واپس ہوچکے ہیں۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ پر 4 شیرخوار حاجیوں کے بشمول 1409 حجاج کرام وطن واپس ہوئے جبکہ بنگلور میں چتور اور اننت پور اضلاع کے 436 حجاج کرام کی واپسی ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ اننت پور سے تعلق رکھنے والی خاتون حاجی فیروز بیگم کی سرجری کے بعد وہ کنگ عبدالعزیز ہاسپٹل مکہ مکرمہ میں زیر علاج تھے ان کے ساتھ فرزند کے آصف باشا بھی مکہ میں مقیم تھے۔ یہ دونوں بخیر و عافیت بنگلور واپس ہوگئے۔ کرنول سے تعلق رکھنے والی خاتون حاجی عظیم النساء بیگم کا 13 ستمبر کو انتقال ہوا۔ ان کی تدفین مدینہ منورہ میں جنت البقیع میں عمل میں آئی۔ ان کے ارکان خاندان حیدرآباد واپس ہوچکے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر آندھرا پردیش امجد باشا نے افراد خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ ایکزیکیٹو آفیسر ایل عبدالقادر نے بتایا کہ آندھرا پردیش کے تمام حجاج کرام کی واپسی کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور آندھرا پردیش حج کمیٹی نے حیدرآباد اور بنگلور میں بہتر انتظامات کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش حکومت نے ڈپٹی چیف منسٹر امجد باشا کی نگرانی میں حجاج کرام کے انتظامات کو اولین ترجیح دی تھی۔حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے جملہ 23 قافلے روانہ ہوئے تھے جن میں 22 واپس ہوچکے ہیں۔ کل 15 ستمبر کو 325 حجاج کرام کا آخری قافلہ مدینہ منورہ سے حیدرآباد واپس ہوگا۔