حج درخواست فارم کے ادخال کی تاریخ میں 15 فروری تک توسیع

   

حکومت سعودی عرب سے معاہدہ باقی، تعطل برقرار
حیدرآباد۔/30 جنوری، ( سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2022 کیلئے درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں 15 فروری تک توسیع کردی ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی سفارش کو مرکزی وزارت اقلیتی اُمور نے منظوری دے دی اور توقع ہے کہ کل پیر کو سرکولر جاری کیا جائے گا۔ ملک میں کورونا کی صورتحال کے پیش نظر گزشتہ دو سال سے ہندوستانی عازمین حج فریضہ حج کی سعادت سے محروم رہے۔ جاریہ سال حج کے بارے میں حکومت سعودی عرب اور ہندوستانی حکومت کے درمیان تاحال کوئی معاہدہ طئے نہیں پایا جس کے نتیجہ میں تعطل برقرار ہے۔ ہندوستان کیلئے حج کوٹہ کی منظوری کے بعد جاریہ سال حج کے بارے میں صورتحال واضح ہوگی۔ بتایا جاتا ہے کہ ملک بھر میں 50 ہزار سے زائد درخواستیں داخل کی گئی ہیں جبکہ تلنگانہ میں 2950 درخواستیں داخل کی گئیں۔ درخواست فارم کے آن لائن ادخال کی تاریخ میں 15 فروری تک توسیع کے سبب توقع ہے کہ ملک میں مزید درخواستیں داخل کی جائیں گی۔ 2019میں تلنگانہ سے 5284 عازمین حج نے فریضہ حج کی سعادت حاصل کی تھی۔ ٹاملناڈو، مہاراشٹرا، کرناٹک اور آندھرا پردیش کے عازمین کے بشمول حیدرآباد ایمبارگیشن پوائنٹ سے 8316 عازمین روانہ ہوئے تھے۔ گزشتہ دو برسوں میں کوویڈ کی صورتحال کے نتیجہ میں ہندوستانی عازمین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ ر