حج کیمپ 2019 ء کا آغاز، پہلے قافلہ کی آج روانگی

,

   

کرناٹک کے 423 عازمین ایر انڈیا سے پرواز کریں گے، 26 جولائی سے دیگر قافلوں کی وداعی

حیدرآباد۔17 ۔ جولائی (سیاست نیوز) کرناٹک کے عازمین حج کی آمد کے ساتھ ہی حج 2019 کیمپ کا آج آغاز ہوا۔ کرناٹک کے 423 عازمین حج کا پہلا قافلہ کل 18 جولائی کی صبح 7.20 بجے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے مدینہ منورہ کیلئے ایر انڈیا کی فلائیٹ سے روانہ ہوگا۔ پہلے قافلہ کے عازمین کی آمد کے موقع پر روح پرور مناظر دیکھے گئے۔ عازمین حج کے تمام ضروری امور کی تکمیل حج ہاؤز میں کی جائے گی اور رات دیر گئے پہلے قافلہ کو خصوصی بسوں کے ذریعہ حج ہاؤز نامپلی سے ایرپورٹ منتقل کیا جائے گا ۔ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور ، وزیر داخلہ محمود علی اور دوسرے حج ہاؤز سے پہلے قافلہ کو جھنڈی دکھاکر وداع کریں گے ۔ دوسرے قافلوں کی روانگی کا 26 جولائی سے آغاز ہوگا اور یہ سلسلہ 4 اگست تک جاری رہے گا۔ حج کیمپ میں عازمین حج کی بہتر سہولتوں کیلئے کئی قدم اٹھائے گئے ہیں۔ حج کمیٹی نے تمام متعلقہ محکمہ جات سے تعاون حاصل کرتے ہوئے کیمپ میں انتظامات کی تکمیل کی ہے۔ کرناٹک سے تعلق رکھنے والے عازمین کی آمد کے موقع پر صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں ، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم ، ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین ، چیف اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی بی شفیع اللہ اور دوسروں نے استقبال کیا۔

بعض عازمین حج کی گلپوشی کی گئی۔ صدرنشین وقف بورڈ نے عازمین حج میں منرل واٹرس کی بوتلیں تقسیم کی اور دعاؤں کی گزارش کی۔ حج کیمپ میں کسٹمس ، امیگریشن اور دیگر ضروری امور کی تکمیل کیلئے خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے گئے ہیں۔ کیمپ کے معائنہ اور عازمین حج سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسیح اللہ خاں نے کہا کہ تمام محکمہ جات کا بہتر تعاون حاصل ہورہا ہے۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے تقریباً 10,000 عازمین حج روانہ ہوں گے ، جن کا تعلق 4 ریاستوں سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال حج کیمپ میں ایرکنڈیشنڈ کا انتظام کیا گیا ہے ، اس کے علاوہ اے سی بسوں اور عازمین حج کے لئے بیڈس کا انتظام کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اور وزیر داخلہ کی نگرانی میں تلنگانہ کا کیمپ گزشتہ کئی برسوں سے نمبر ون مقام حاصل کر رہا ہے ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے عازمین حج کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ عازمین اللہ کے مہمان ہوتے ہیں اور انہیں سعودی عرب میں قیام کے دوران زیادہ تر وقت عبادتوں میں صرف کرنے کا مشورہ دیا۔ محمد سلیم نے عازمین حج سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ کی ترقی اور کے سی آر کی صحت اور درازی عمر کیلئے دعا کریں۔ ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین نے بتایا کہ مجلس بلدیہ کی جانب سے صحت و صفائی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ مچھروں سے نجات کیلئے ادویات کا چھڑکاؤ اور حج ہاؤز کے اطراف و اکناف صحت و صفائی کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے ۔