حج 2023 کیلئے سفری اخراجات کی اڈوانس رقم 12 اپریل تک جمع کرانے کی سہولت

   

دستاویزات 14 اپریل تک حج کمیٹی میں جمع کرائیں، صدر نشین حج کمیٹی محمد سلیم کا بیان
حیدرآباد۔/4 اپریل، ( سیاست نیوز) حج 2023 کے منتخب عازمین کو حج مصارف کی اڈوانس رقم کے طور پر 81,800 روپئے کی ادائیگی کی تاریخ میں 12 اپریل تک توسیع کی گئی ہے۔ چیف ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا محمد یعقوب شیخ نے آج سرکولر جاری کرتے ہوئے ریاستی حج کمیٹیوں کو تاریخ میں توسیع سے واقف کرایا۔ ابتداء میں عازمین کیلئے 7 اپریل آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی۔ عازمین حج اڈوانس رقم کی ادائیگی کے بعد 14 اپریل تک ریاستی حج کمیٹی کے پاس ادائیگی سے متعلق پے اِن سلپ، میڈیکل اسکریننگ اینڈ فٹنس سرٹیفکیٹ اور انٹر نیشنل پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات جمع کرادیں۔ ابتداء میں اس کے لئے 10 اپریل کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے ریاستی حج کمیٹیوں کو پابند کیا ہے کہ وہ آخری تاریخ گذرنے کے فوری بعد عازمین کے دستاویزات اور انٹر نیشنل پاسپورٹس حج کمیٹی آف انڈیا کو روانہ کردیں۔ حج مصارف کی اڈوانس رقم میں 80 ہزار روپئے بطور اڈوانس کے علاوہ 1500 روپئے دیگر اخراجات اور 300 روپئے پروسیسنگ فیس کے طور پر وصول کئے جارہے ہیں۔ عازمین یہ رقم اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کے ذریعہ حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں جمع کراسکتے ہیں۔ کسی بھی سرکاری دواخانہ سے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ اسی دوران صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم کے مطابق عازمین حج کا انٹر نیشنل پاسپورٹ 3 فروری 2024 تک کارگر ہونا چاہیئے۔ حج درخواست فارم کی پرنٹ کاپی، پاسپورٹ سائز کی ایک فوٹو گراف بھی حج کمیٹی کے پاس جمع کرانا ہوگا۔ سرکاری دواخانہ کے ڈاکٹر یا پھر بستی دواخانہ سے میڈیکل اسکریننگ اینڈ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ عازمین حج مزید تفصیلات حج کمیٹی کی ویب سائیٹ سے حاصل کرسکتے ہیں۔ر