حج 2024 ، تلنگانہ عازمین حج کے قافلوں کی 9 مئی سے روانگی

   

حج کیمپ اور ایر پورٹ پر موثر انتظامات، مدینہ منورہ روانگی، حج انتظامات پر محکمہ جات کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔/24 اپریل، ( سیاست نیوز) حج 2024 کیلئے تلنگانہ عازمین حج کی روانگی کا 9 مئی سے آغاز ہوگا اور 25 مئی تک عازمین حج کے 38 قافلے سعودی ایر لائنس کی خصوصی پروازوں کے ذریعہ حیدرآباد سے راست مدینہ منورہ روانہ ہوں گے۔عازمین حج روانگی کے شیڈول سے دودن قبل حج کیمپ میں رپورٹ کریں گے۔ 9 مئی کے پہلے قافلہ کے عازمین 7 مئی کو حج کیمپ میں رپورٹ کریں گے۔ حج کیمپ 2024 کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے آج مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں حج آپریشن سے متعلق اداروں اور محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی جن میں سعودی ایر لائنس، جی ایم آر، پولیس، آر ٹی سی، ٹریفک پولیس، سی آئی ایس ایف، کسٹمس، ایمیگریشن، اسٹیٹ بینک آف انڈیا، ٹرانسکو، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن، حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس، آر اینڈ بی، ساؤتھ سنٹرل ریلوے، وقف بورڈ اور دیگر ادارے شامل ہیں۔ اجلاس میں حج کیمپ کے کامیاب انعقاد کیلئے تمام سرکاری محکمہ جات سے تعاون کی خواہش کی گئی۔ تفسیر اقبال نے کہا کہ گذشتہ برسوں کی کمیوں اور خامیوں کو دور کرتے ہوئے جاریہ سال عازمین حج کیلئے بہتر انتظامات کئے جائیں گے۔ حج کیمپ میں قیام کے دوران طعام کی سہولت حاصل رہے گی اور حج ہاوز سے انٹر نیشنل ایرپورٹ تک خصوصی بسوں کے ذریعہ عازمین کو روانہ کیا جائے گا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے تفسیر اقبال نے بتایا کہ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے 11500 عازمین حج کی روانگی عمل میں آئے گی جن میں تلنگانہ کے علاوہ آندھرا پردیش، کرناٹک اور مہاراشٹرا کے بعض اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عازمین حج حیدرآباد سے راست مدینہ منورہ روانہ ہوں گے جبکہ ان کی واپسی جدہ سے عمل میں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین کو ایک ہی گروپ میں روانہ کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں تاکہ سفرِ حج کے دوران ایک دوسرے کی مدد اور ہمت افزائی ہو۔ سابق میں اضلاع کے عازمین کی ایک ساتھ روانگی کا انتظام نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع واری سطح پر عازمین کے قافلے روانہ کئے جائیں گے اور خصوصی فلائیٹ میں گنجائش ہو تو حیدرآباد کے عازمین کو شامل کیا جائے گا۔ تفسیر اقبال کے مطابق حج کیمپ کے انتظامات کے سلسلہ میں ٹنڈرس کو قطعیت دی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کے تقریباً 1200 عازمین حیدرآباد سے پرواز کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے ہر 200 عازمین کیلئے خادم الحجاج کی سہولت کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ملک بھر سے خادم الحجاج کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ حج کمیٹی کی جانب سے خادم الحجاج کو بہتر ٹریننگ دی گئی ہے۔ تفسیر اقبال نے بتایا کہ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام کے قافلے جدہ سے 23 جون کو حیدرآباد کیلئے روانہ ہوں گے اور آخری قافلہ 9 جولائی کو واپس ہوگا۔ سعودی ایر لائنس اور جی ایم آر کو حج کیمپ اور ایر پورٹ پر بہتر انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ ایر پورٹ پر سعودی ایر لائنس کی جانب سے پرواز سے قبل مِنی اسناکس اور کھانے کا انتظام کیا جائے گا۔ طیارہ میں کھانے کی سربراہی نہیں رہے گی اور خادم الحجاج نیت حج کی دعا کرائیں گے۔ حجاج کرام کی واپسی پر انہیں 5 لیٹر زم زم سربراہ کیا جائے گا۔ حج کیمپ میں ایکسرے اسکریننگ مشین اور لگیج ٹرالی کا جی ایم آر کی جانب سے انتظام رہے گا۔ ایمیگریشن کے مرحلہ کی تکمیل کیلئے مین ٹرمنل پر زائد کاؤنٹرس قائم کئے جائیں گے۔ ایس بی آئی کی جانب سے عازمین کو سعودی ریال کی فراہمی کا انتظام کیا جائے گا۔ تفسیر اقبال کے مطابق حج ہاوز سے ایر پورٹ روانگی کیلئے سہولت بخش بسوںکی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور اس سلسلہ میں ٹنڈر کو منظوری دی گئی۔ حج کیمپ میں میڈیکل کیمپ کی سہولت رہے گی۔ حج کیمپ کے آغاز سے قبل حج کمیٹی کے عہدیدار ایر پورٹ کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ اجلاس میں ایگزیکیٹو آفیسر شیخ لیاقت حسین اور اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف نے حج کیمپ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔1