گذشتہ سال کے مقابلہ زیادہ درخواستیں، جاریہ ماہ کے اواخر میں قرعہ اندازی کا امکان
حیدرآباد۔/16جنوری،( سیاست نیوز) حج 2024 کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی کو جملہ 11147 درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور 10843 کورس کے تحت درخواست گذار شامل ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے درخواستوں کے آن لائن ادخال کی آخری تاریخ 15 جنوری مقرر کی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ محفوظ زمرہ جات کے تحت 70 سال سے زائد عمر کے 378 درخواست گذار ہیں جبکہ جبکہ بغیر مَحرم حج کی سعادت کی خواہشمند خواتین کی تعداد 119 ہے۔ دونوں زمرہ جات کے درخواست گذاروں کا قرعہ اندازی کے بغیر راست انتخاب عمل میں آتا ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے حج شیڈول کے مطابق جاریہ ماہ کے اواخر یا آئندہ ماہ قرعہ اندازی کے ذریعہ خوش نصیب عازمین حج کا انتخاب کیا جائے گا۔ منتخب عازمین سے فروری میں انٹر نیشنل پاسپورٹ اور میڈیکل سرٹیفکیٹ حاصل کئے جائیں گے۔ منتخب عازمین کو پہلی ادائیگی کے طور پر 81500 روپئے ادا کرنے ہوں گے جبکہ دوسری قسط کے طور پر ایک لاکھ 70 ہزار روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ فروری یا مارچ میں خادم الحجاج کا انتخاب کیا جائے گا جن کیلئے ٹریننگ کلاسیس منعقد کی جائیں گی۔ ویٹنگ لسٹ کی اجرائی کے بعد مارچ یا اپریل میں ویٹنگ لسٹ کے منتخب عازمین سے پاسپورٹ اور پہلی قسط کی رقم وصول کی جائے گی۔ درخواست گذاروں کے ساتھ مَحرم کے طور پر جانے کے خواہشمند افراد اپریل میں درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ حج کمیٹی کی جانب سے منتخب عازمین کیلئے ٹیکہ اندازی کا اہتمام کیا جائے گا۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے حج 2024 کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ ایام حج 14 تا 19 جون ہوسکتے ہیں جو رویت ہلال پر منحصر رہے گا اور 17 جون کو وقوفِ عرفات کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ حج 2023 کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی کو 8659 درخواستیں موصول ہوئی تھیں اور تلنگانہ میں قرعہ اندازی کے ذریعہ 4723 عازمین کا انتخاب عمل میں آیا۔ 70 سال سے زائد عمر کے 479 اور مَحرم کے بغیر 76 خواتین نے فریضہ حج کی تکمیل کی تھی۔ ویٹنگ لسٹ کے تحت 1244 عازمین منتخب کئے گئے۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے جملہ 7040 عازمین حج روانہ ہوئے تھے جن میں تلنگانہ کے 5583 ، کرناٹک 867 ، مہاراشٹرا 528 ، آندھرا پردیش 49 ، بہار 3 ، چھتیس گڑھ 7 ، جھارکھنڈ 2 اور ٹاملناڈو کے ایک عازم شامل ہیں۔ وستارا ایر لائنز کے ذریعہ 47 پروازوں سے عازمین کی روانگی اور واپسی عمل میں آئی تھی۔ اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی عرفان شریف کے مطابق درخواست گذاروں کی رہنمائی کیلئے حج ہاوز میں واقع دفتر میں خصوصی کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے۔ درخواستوں کے ادخال کے سلسلہ میں بھی حج کمیٹی نے خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے تھے۔1