حسن آباد اسمبلی حلقہ کیلئے تلنگانہ حکومت کا دیپاولی کا تحفہ

   

ایریا ہاسپٹل کو 100 بستروں سے 250 بستروں میں ترقی دینے کے احکامات جاری، 82 کروڑ کی اجرائی
حیدرآباد ۔31۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے حسن آباد اسمبلی حلقہ کے عوام کے لئے دیپاولی کا تحفہ دیا ہے۔ حسن آباد کے رکن اسمبلی اور ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کی مساعی پر 100 بستروں کے سرکاری ہاسپٹل کو 250 بستروں کے ہاسپٹل میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلہ میں حکومت کی جانب سے احکامات جاری کئے گئے ۔ دیپاولی کے موقع پر جاری کردہ احکامات میں حکومت نے ہاسپٹل کی توسیع اور ترقی کے لئے 82 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے سرکاری ہاسپٹل میں بستروں کی تعداد کو 100 بڑھاکر 250 کرنے کے فیصلہ پر چیف منسٹر ریونت ریڈی ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا اور وزیر صحت دامودر راج نرسمہا سے اظہار تشکر کیا۔ حسن آباد کے سرکاری ہاسپٹل میں بستروں کی تعداد میں اضافہ کا عوام کی جانب سے طویل عرصہ سے مطالبہ کیا جارہا تھا ۔ سکریٹری ہیلت ڈاکٹر کرسٹینا چنٹو کی جانب سے جاری کردہ جی او آر ٹی 632 میں کہا گیا ہے کہ کمشنر تلنگانہ ویدیا ودھان پریشد نے حسن آباد کے ایریا ہاسپٹل کو 100 بستروں سے 250 بستروں میں اپ گریڈ کرنے کی تجویز پیش کی جس پر 82 کروڑ کے اخراجات آئیں گے ۔ سیول ورکس اور طبی آلات کی خریدی کیلئے یہ رقم خرچ کی جائے گی ۔ حکومت نے کمشنر ویدیا ودھان پریشد کی تجویز کا جائزہ لیتے ہوئے منظوری دی ہے۔ ہاسپٹل کو اپ گریڈ کرنے کیلئے کمشنر ویدیا ودھان پریشد کو ضروری کارروائی کی ہدایت دی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ پونم پربھاکر نے رائے دہندوں سے وعدہ کیا تھا کہ مقامی ایریا ہاسپٹل کو ترقی دی جائے گی۔ 1