حضرت شیخ سلیم چشتی ؒ کے 454 ویں سالانہ عرس شریف کا عظیم الشان آغاز

   

فتح پور سیکری: 16؍ویں نسل کے حضرت پیر زادہ عیاض الدین چشتی عرف رئیس میاں، سجادہ نشیں حضرت شیخ سلیم چشتیؒ فتح پور سیکری، آگرہ کی سرپرستی اورجانشین سجادہ نشین پیرزادہ ارشدعظیم فریدی کی موجودگی میں حضرت بابا فرید الدین گنج شکر کے چشم و چراغ اور سلسلہ چشتیہ کے مشہور و معرو ف صوفی حضرت بابا شیخ سلیم چشتی فریدی رحمتہ اللہ علیہ کے سالانہ 454واں عرس مبارک کا آج قدیمی رسم ورواج کے ساتھ باضابطہ آغاز ہوگیا۔ اس موقع پر ہر مذہب کے ہزاروں کی تعداد میں مریدین ومعتقدین نے شرکت کی اور نذرانہ عقیدت پیش کیا ۔اس موقع پر درگاہ کے سجادہ نشین پیرزادہ عیاض الدین چشتی ‘رئیس میاں’ نے کہا کہ بادشاہ جلال الدین اکبر نے جب اپنی اولاد کے لئے یہیں پر دعا کرائی تو اس دعا کے نتیجہ میں شہزادہ سلیم کی پیدائش عمل میں آئی جس کے چرچے پوری دنیا میں ہوئے اور مورخین نے اس بات کو سنہری حروف میں نقل کیا ۔ اس وقت سے بارگاہ میں ہر مذہب و ملت کے عقیدتمند یہاں بے اولاد اپنے لئے اولاد کی مراد لے کر آتے رہے ہیںاور انھیں کامیابی حاصل ہوتی رہی ہے ۔