حضور نگرمیں آج ووٹوں کی گنتی،دوپہر تک نتائج متوقع

,

   

آر ٹی سی ہڑتال کا منفی اثر ،کانگریس پُرامید، ٹی آر ایس میں غیر یقینی
حیدرآباد ۔ 23 اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے حلقہ اسمبلی حضورنگر (ضلع سوریاپیٹ) کے منعقدہ ضمنی انتخاب سے متعلق ووٹوں کی گنتی کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور کل یعنی 24 اکٹوبر کو صبح 8 بجے سے ووٹوں کی گنتی کا آغاز ہوگا۔ ووٹوں کی گنتی سوریاپیٹ زرعی مارکٹ کے گودام میں کی جائے گی۔ ووٹوں کی گنتی کے سلسلہ میں وسیع تر صیانتی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ مرکز رائے شماری کے اطراف دفعہ 144 کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ جملہ 22 راونڈز میں ووٹوں کی گنتی عمل میں لائی جائے گی۔ ایک راونڈ کیلئے 14 ٹیبلس رکھے گئے ہیں۔ ہر ایک ٹیبل کیلئے ایک مائیکرو آبزروز کاؤنٹنگ سپروائزر، کاؤنٹنگ اسسٹنٹ کو تعینات کیا گیا۔ توقع کی جارہی ہیکہ دوپہر 2 بجے تک ہی ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے پر نتیجہ کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ ووٹوں کی گنتی کے موقع پر ریٹرننگ آفیسر کے علاوہ ضلع کلکٹر مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے تعینات تین مرکزی مبصرین بھی موجود رہیں گے۔ ووٹوں کی گنتی کا عمل سی سی کیمروں کے ذریعہ لائیو کوریج فراہم کیا جائے گا۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر این اتم کمار ریڈی حلقہ لوک سبھا نلگنڈہ سے منتخب ہونے کے بعد حضور نگر کی اسمبلی نشست سے استعفی دیئے تھے اور اس مخلوعہ نشست کو پُر کرنے کیلئے منعقدہ ضمنی انتخابات میں ان کی شریک حیات پدماوتی ریڈی کو کانگریس کا امیدوار بنایا گیا تھا جن کا مقابلہ ٹی آر ایس کے سیدی ریڈی سے رہا۔باور کیا جاتا ہے کہ آر ٹی سی ہڑتال کے منفی اثرات کے سبب کانگریس اپنی کامیابی کیلئے پُرامید ہے جبکہ ٹی آر ایس حلقوں میں نتیجہ کے بارے میں غیر یقینی رہی۔ اجلاس میں جوائنٹ کلکٹر سوریاپیٹ ڈی سنجیواریڈی، آر او پی چندریا، آر ڈی او سوریاپیٹ موہن راؤ، آر ڈی او کوداڑ کیشوکمار، تحصیلدار چیوملا پلی دیگر عہدیداران شامل تھے۔