حق رائے دہی میں حصہ لینے والے مریضوں کا مفت معائنہ، مفت آپریشنس

   

حلقہ لوک سبھا ناندیڑ کے ماہر اطفال، ماہر امراض قلب و دیگر فزیشن ڈاکٹرس کا اعلان، ووٹنگ میں اضافہ کیلئے منفرد حکمت عملی

دیگلور۔ 9 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ لوک سبھا ناندیڑ کے انتخابات میں عوام الناس میں بیداری پیدا کرنے اور اپنے حق کی شناخت جاننے اور حق رائے دہی کا فیصد بڑھانے کے لیے ہر تنظیم، تمام آرگنائزیشنز اور تمام طبقات کے ذمہ داران یہاں پر کوشش کر رہے ہیں۔ ضلع ریٹرننگ آفیسر ڈاکٹر ابھیجیت راوت(ضلع کلکٹر)، اسسٹنٹ کلکٹر دیگلور کلدیپ جنگم اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افیسر سچین گیری اور تمام اعلی عہد داران اس بات کے لئے آے دن تمام دیہاتوں میں اور شہر میں ہر وارڈ میں ووٹرس میں سماجی شعور بیداری کے لیے نت نئے پروگرامس منعقد کر رہے ہیں اوراس مرتبہ 75 فیصد سے زائد رائے دہی ہو اس طرح سے حق رائے دہی کا فیصد بڑھانے کے لیے دیگلور میں گزشتہ 46 سال سے کارکرد روگن سیوا منڈل کے صدر بین الاقوامی شہرت کے حامل ماہر فزیشن ،ماہر امراض قلب ڈاکٹروینکٹیش کابڈے کے اعلامیہ کے بموجب جو بھی شہری حق رائے دہی کا استعمال کر کے اپنی سیاہی لگی ہوئی انگلی دکھائیں گے ان کا مفت معائنہ کیا جائے گا اور موتیا بند، اور بینائی کے دیگرمفت آپریشنز کی انہوں نے پیشکش کی ہے۔ اس طرح سے مریض کو ایمبولنس کے ذریعے ناندیڑ اور دیگر مقامات پر جہاں پر بھی ضرورت ہو ان کا آپریشن کیا جائے گا، ان کے پریس نوٹ میں یہ بات کہی گئی ہے۔ روگن سیوامنڈل کی جانب سے 26 اپریل کو اس خصوص میں ایک کیمپ رکھا گیا ہے اور جتنے بھی رائے دہندگان وہاں منڈل کے ہاسپٹل میں آکر اپنے انگلی دکھائیں گے ان کے ناموں کا اندراج کیا جائے گا ان کی آنکھوں کا مفت معائنہ کیاجاکر انہیں ہرسہولت فراہم کی جائے گی۔ ممتاز چلڈرن اسپیشلسٹ ڈاکٹر آنند جادھو اور ممتاز ماہر نسوان ڈاکٹر کنتی جادھو کے اعلامیہ کے بموجب 26 اپریل کو جتنے بھی رائے دہندگان رائے دہی کا استعمال کر کے ان کے ہاسپٹل میں آئیں اور انگلی سیاہی دکھانے پر ان کا ماہر اطفال بچوں کا معائنہ کریں گے اور خواتین کے خصوصی امراض و دیگر امراض کا ڈاکٹر مسز کنتی آنند جادھو معائنہ کریںنگی۔ اطلاعات کے بموجب 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں شہر میں 38.36 سے 50.55 فیصد اس طرح سے غیر تشفی بخش ووٹنگ ہونے کے سبب اس مرتبہ 2024 میں ضلع کلکٹر ڈاکٹر ابھیجیت راؤت، اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر سچین گیری، سویپ کیندر تحصیل آفس دیگلور کے تمام عہدیداران، شیوآنند سوامی، پروفیسر مہیش کلکرنی،ڈاکٹر بالاجی کتوروار اس طرح سے ڈاکٹرس، وکلاء صاحبین،ہیڈماسٹرس اورصحافی برادری بھی اس مرتبہ( 2024) میں 75 فیصد سے زائد ووٹنگ ہونا ضروری ہے کے لئے کوشاں دکھائی دے رہے ہیں۔