حلقہ اسمبلی دوباک کے ضمنی انتخاب میں کانگریس مقابلہ کریگی: اتم کمار ریڈی

   

تلنگانہ جنا سمیتی قائد کی کانگریس میں شمولیت،کورونا سے نمٹنے میں حکومت پر ناکامی کا الزام
حیدرآباد۔ تلنگانہ جنا سمیتی کے قائد بھوانی ریڈی جن کا تعلق سدی پیٹ سے ہے آج اپنے حامیوں کے ساتھ کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ تلنگانہ جنا سمیتی کے ریاستی آرگنائزنگ سکریٹری بھوانی ریڈی کا صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے پارٹی میں استقبال کیا۔ انہیں کانگریس کا کھنڈوا پہنا کر شامل کیا گیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی سنگاریڈی جگا ریڈی ، اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار، سابق رکن اسمبلی پدماوتی ریڈی، متحدہ میدک ضلع کے کانگریس صدر نرسا ریڈی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ جگاریڈی نے تلنگانہ جنا سمیتی کے قائد کا کانگریس میں استقبال کیا اور کہا کہ عوامی مسائل پر جدوجہد کی جانی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام قائدین کو ساتھ لے کر کام کرنا چاہیئے۔ بھوانی ریڈی نے کہا کہ برسراقتدار ٹی آر ایس سے مقابلہ کرنے کی طاقت صرف کانگریس پارٹی میں ہے۔ انہوں نے سدی پیٹ میں کانگریس کے استحکام کیلئے کام کرنے کا وعدہ کیا۔ کانگریس کی رکنیت سازی مہم پر توجہ مبذول کی جائے گی۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھوانی ریڈی جنا سمیتی کے ٹکٹ پر سدی پیٹ سے اسمبلی انتخابات میں حصہ لے سکیں گے۔ انہوں نے کانگریس کی جانب سے عوامی مسائل پر جدوجہد کیلئے ہرممکن تعاون اور حوصلہ افزائی کا یقین دلایا ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ دوباک اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں کانگریس پارٹی مقابلہ کرے گی اس سلسلہ میں پردیش کانگریس کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے صدر ضلع کانگریس کو مشورہ دیا کہ وہ منڈل سطح تک کانگریس پارٹی کے استحکام کیلئے کام کریں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں دلتوں پر مظالم میں اضافہ ہوا ہے۔ منتھنی پولیس اسٹیشن میں ایک دلت کو ہراساں کرنے پر اس نے خودکشی کرلی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے اسمبلی حلقہ گجویل میں ایک دلت کسان نے خودکشی کرلی کیونکہ حکومت کی جانب سے اس کی اراضی چھین لی گئی تھی۔ انہوں نے کورونا کی صورتحال سے نمٹنے میں حکومت پر ناکامی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ عوام کو گمراہ کرنے کیلئے غلط اعداد و شمار جاری کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کورونا سے فوت ہونے والے غریب خاندانوں کو 10 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے متاثرین کیلئے کانگریس پارٹی عطیات جمع کرے گی۔ عوام راست طور پر گاندھی بھون عطیات روانہ کرسکتے ہیں۔ کورونا کی صورتحال پر گورنر سے نمائندگی کی گئی لیکن حکومت گورنر کے احکامات پر عمل آوری کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کورونا کو آروگیہ شری کے تحت شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔