حلقہ لوک سبھا سکندرآباد ہندو مسلم اتحاد کا گہوارہ : پدماراؤ گوڑ

   

انتخابات کے بعد کنول مرجھا جائے گا، ہاتھ فریکچر ہوجائے گا، کار تیز رفتاری سے دوڑے گی

حیدرآباد ۔27 اپریل (سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا سکندرآباد میں بی آر ایس کی لہر چل رہی ہے۔ پدماراؤ گوڑ کا مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر خیرمقدم کیا جارہا ہے۔ عوام بی جے پی اور کانگریس پر اپنی ناراضگی کا اظہار کررہے ہیں۔ پدماراؤ گوڑ نے آج اسمبلی حلقہ صنعت نگر، بنسی لال پیٹ کے علاوہ دوسرے علاقوں کا پیدل دورہ کیا، ریالی منعقد کی اور پارٹی آفس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر بی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق وزیر ٹی سرینواس یادو کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے۔ بنسی لال پیٹ میں جگہ جگہ عوام نے پدماراؤ گوڑ کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پدماراؤ گوڑ نے کہا کہ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کے عوام بی آر ایس کے دورحکومت اور بی جے پی حکومت کا تقابل کریں اور کے سی آر کو سیاسی طور پر مستحکم کرنے انہیں اور بی آر ایس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائے۔ پدماراؤ گوڑ نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد بحیثیت چیف منسٹر کے سی آر نے تلنگانہ کی تعمیرنو اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا جبکہ نریندر مودی نے بحیثیت وزیراعظم آزاد ملک کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ سیاسی مفادات کیلئے ذات پات، مذہب اور علاقہ واریت کے نام پر عوام کو تقسیم کرتے ہوئے ملک کے سیکولرازم اور دستور کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ پدماراؤ گوڑ نے کہا کہ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد ہندو مسلم سکھ عیسائی طبقات کا گلدستہ ہے جہاں پر عوام ایک دوسرے کے ساتھ پیار و محبت سے رہتے ہیں۔ بی جے پی کو اپنی شکست کا اندازہ ہوگیا ہے۔ اس لئے بھگوان کے نام پر جئے شری رام کا نعرہ دیتے ہوئے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ عوام نفرت اور اشتعال انگیزی کرنے والوں کو سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو نبھانے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ عوام کانگریس سے سخت ناراض ہے۔ عوام کانگریس امیدوار ڈی ناگیندر کو شکست دیتے ہوئے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو سبق سکھانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد میں کار تیزی سے دوڑ رہی ہے۔ کنول مرجھا جائے گا اور ہاتھ میں فریکچر آجائے گا۔ بی آر ایس کی فلاحی اسکیمات کو ختم کرتے ہوئے عوام کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ شہر کی ترقی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ سکندرآباد میں بی آر ایس کا کیڈر بی جے پی اور کانگریس کو شکست دینے کیلئے متحد ہوگیا ہے۔2