حوثیوں اور ایران کے حملوں میں اضافہ

   

صنعاء: محکمہ خارجہ نے پیر کو کہا کہ یمن کیلئے امریکی خصوصی ایلچی خلیج کا سفر کر رہے ہیں کیونکہ بین الاقوامی جہاز رانی پر ایرانی اور حوثی حملوں کی وجہ سے یمن میں جنگ کے خاتمہ کیلئے تقریباً دو سال کی مشترکہ پیشرفت کو خطرہ لاحق ہے۔طے شدہ دورے کی تحریر کے مطابق ٹم لینڈرکنگ اسرائیل۔حماس تنازعہ پر قابو پانے کی ضرورت پر بھی زور دیں گے۔7 اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے اور اس کے نتیجے میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے اسرائیل پر میزائل اور دیگر پروجیکٹائل داغے ہیں۔اس تشدد سے یمن میں برسوں سے جاری جنگ میں ہونے والی پیش رفت کو بھی خطرہ لاحق ہوگیا ہے جس نے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کو حوثی ملیشیا کے خلاف کھڑا کر دیا ہے۔محکمہ خارجہ نے کہاکہ لینڈرکنگ بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں سمندری سلامتی کے تحفظ کیلئے سخت امریکی سفارتکاری اور علاقائی رابطہ کاری کو جاری رکھیں گے کیونکہ حوثی اور ایرانی حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ امریکی جنگی بحری جہاز یمن میں حوثی عسکریت پسندوں سمیت شرقِ اوسط میں ایرانی حمایت یافتہ گروہوں کی طرف سے داغے جانے والے میزائلوں اور پروجیکٹائل کے قریب آ گئے ہیں۔