حکومت بلدی انتخابات کے انعقاد کیلئے تیار: کے سی آر

,

   

الیکشن کمیشن سے تاریخ کے اعلان کے بعدانتظامات شروع کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔/23 اکٹوبر، ( پی ٹی آئی) بلدی انتخابات کے انعقاد کیلئے تلنگانہ ہائی کورٹ کی اجازت کے ایک دن بعد ہی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے چہارشنبہ کو ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا اور کہا کہ اُن کی حکومت بلدی انتخابات منعقد کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے ریاستی الیکشن کمیشن کی طرف سے تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی متعلقہ عہدیداروں کو بلدی انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت دی تھی۔ چیف منسٹر نے شہری مجالس مقامی انتخابات کو مؤخر کرنے کیلئے دائر کردہ مفاد عامہ کی دو درخواستوں کو ہائی کورٹ کی طرف سے مسترد کئے جانے کے بعد پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ’’ الیکشن کمیشن کو ہم اپنی تیاریوں سے مطلع کریں گے۔‘‘ اس اجلاس میں وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ ، پرنسپال سکریٹریز ایس نرسنگ راؤ، اروند کمار، حکومت کے مشیر اعلیٰ راجیو شرما اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ قبل ازیں یہ بلدی انتخابات کی جولائی۔ اگسٹ میں انعقاد کی توقع کی جارہی تھی۔