ریاستی حج کمیٹی کی پہلوتہی آشکار ، حج کیمپ کے قیام کا مقصد صرف سیاسی شعبدہ بازی
محمد مبشرالدین خرم
حیدرآباد۔29اپریل ۔ حکومت تلنگانہ ’حیدرآباد‘ سے روانہ ہونے والے عازمین حج کو ’حج ہاؤز‘ میں ایمگریشن ‘ سیکوریٹی چیک ان‘ اور بیاگیج اسکریننگ کی سہولت کی فراہمی یقینی بنانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ مرکزی وزارت شہری ہوابازی کے عہدیداروں نے کہا کہ اگر ریاستی حکومت یا تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے قبل از وقت یہ کاروائی شروع کی جاتی تو ایسی صورت میں انہیں اجازت دی جاسکتی تھی لیکن اب جبکہ یکم مئی سے 3مئی کے درمیان تعطیل ہیں اور 4مئی سے پروازوں کا سلسلہ شروع ہونا ہے تو ان سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا ممکن نہیںہے۔تلنگانہ حج کمیٹی کے علاوہ کرناٹک ‘ آندھراپردیش کے علاوہ دیگر ریاستوں کے جو عازمین حج حیدرآبادسے روانہ ہوا کرتے تھے انہیں تمام سہولتیں حج ہاؤز پر فراہم کی جاتی تھیں لیکن پہلی مرتبہ ریاستی حکومت کے علاوہ حج کمیٹی کے ذمہ داروں کی کوتاہی و لاپرواہی کے نتیجہ میں ’حج ہاؤز‘ نامپلی میں یہ سہولتیں فراہم نہیں کی جاسکیں گی۔ تلنگانہ حج کمیٹی و ریاستی حکومت کی اس نااہلی کے بعد اب حج ہاؤز میں ’’حج کیمپ‘‘ کے قیام کا مقصد محض سیاسی شعبدہ بازی کے علاوہ کچھ نہیں رہ گیا ہے کیونکہ جب عازمین حج کو کسی بھی طرح کی سہولت حج ہاؤز پر فراہم نہیں کی جاسکے گی تو ایسی صورت میں انہیں حج ہاؤز طلب کرتے ہوئے مشکلات میں مبتلاء کرنے کے سواء کچھ نہیں ہے۔ ریاستی وزیر اقلیتی بہبود جناب محمد اظہر الدین ‘ اسپیشل سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود جناب بی شفیع اللہ آئی ایف ایس ‘ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا غلام سید افضل بیابانی خسروپاشاہ ‘ انچارج اکزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی جناب محمد اسداللہ کے علاوہ دیگر نے گذشتہ یوم راجیوگاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا دورہ کرتے ہوئے عہدیداروں سے ملاقات کی تھی اور اس کی خوب تشہیر کی گئی کہ حج کمیٹی کے ذریعہ روانہ ہونے والے عازمین حج کی روانگی کے سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا اس سے قبل سیکریٹریٹ میں منعقدہ اجلاس کے بعد ہی ’روزنامہ سیاست ‘ نے اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ ریاستی حکومت عازمین حج کو روایتی سہولتوں کی فراہمی میں ناکام ہوچکی ہے۔ اس خبر کی اشاعت کے بعد ہی محکمہ اقلیتی بہبود اور تلنگانہ حج کمیٹی نے حرکت میں آتے ہوئے مرکزی وزارت شہری ہوابازی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ’حج ہاؤز‘ میں ایمگریشن ‘ بیاگیج اسکریننگ‘ سیکیوریٹی چیک ان وغیرہ کی اجازت حاصل کرنے کی کوششوں کا آغاز کیاتھاجو کہ ناکام ہوگئیں۔ تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے اگر ’حج ہاؤز‘ میں حج کیمپ قائم بھی کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں یہ کیمپ محض عازمین حج کے نام پر لوٹ کھسوٹ کے لئے ثابت ہوگا کیونکہ جب عازمین حج کو سوائے جبری رہائش کے علاوہ کوئی سہولت حج ہاؤز میں فراہم نہیں کی جائے گی تو عازمین حج کی راست ائیر پورٹ روانگی یا حج ہاؤز پہنچ کر یہاں سے روانگی میں محض قافلہ کو ’’جھنڈی ‘‘ دکھانے کا فرق رہے گا۔ ذرائع کے مطابق محکمہ شہری ہوا بازی کے عہدیداروں نے واضح کردیا ہے کہ حج ہاؤز سے ائیر پورٹ پہنچنے والے عازمین حج کو بھی ائیر پورٹ پر تمام مراحل سے گذرنا لازمی ہوگا اور ان کے بیاگیج اور لگیج کی بھی اسکریننگ کی جائے گی ۔
عازمین حج پر فضائی کرایہ کا اضافی بوجھ
فی کس 10 ہزار روپئے ادا کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔29۔ اپریل (سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2026 کے عازمین کیلئے فضائی کرایہ کے طور پر مزید 10,000 روپئے ادا کرنے کی ہدایت دی ہے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر سی شاہنواز آئی اے ایس نے تمام ریاستی حج کمیٹیوں کو سرکولر جاری کرتے ہوئے فضائی کرایہ پر نظرثانی کے نتیجہ میں فی کس 10,000 روپئے ادا کرنے کی ہدایت دی ہے۔ سرکولر میں کہا گیا ہے کہ مشرقی وسطی میں جاری بحران کے نتیجہ میں حج 2026 کے فضائی کرایہ پر نظرثانی کو وزارت اقلیتی بہبود نے منظوری دی ہے ۔ ہر عازم کو اضافی طور پر فی کس 100 ڈالر ادا کرنے ہوں گے اور یہ تمام امبارکیشن پوائنٹس کے لئے یکساں رقم رہے گی۔ عازمین کو مشورہ دیا گیا کہ وہ 15 مئی تک 10,000 روپئے حج کمیٹی آف انڈیا کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کریں۔ حج کمیٹی کے ویب سائیٹ اور ایس بی آئی یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ میں یہ رقم جمع کرائی جاسکتی ہے۔ ریاستی حج کمیٹیوں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں عازمین کو اطلاع دیں اور بروقت رقم کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔1/k