حیدرآبادی فزیو کی مدد رنگ لائی ۔ راشد نے وارن کا ریکارڈ توڑا

   

حیدرآباد۔افغانی اسپنر راشد خان نے حیدرآبادی فزیو ڈاکٹر پرشانت پنچندا سے موثر علاج کے بعد آسٹریلیائی افسانوی اسپنر شین وارن کا ریکارڈ توڑ دیا ۔ افغان کرکٹر راشد خان کو زمبابوے کے خلاف پہلے ٹسٹ میچ میں شامل نہیں کیا گیا کیونکہ ان کے سیدھی ہاتھ کی درمیانی انگلی میں فریکچر ہوگیا تھا جب وہ پاکستان سوپر لیگ کھیل رہے تھے ۔ دوسرے ٹسٹ سے قبل راشد خان نے افغان ٹیم کے فزیو ڈاکٹر پرشانت سے رجوع کیا ۔ پرشانت نے انگلی کے زخم کو ٹھیک کرنے میں اہم رول ادا کیا ۔ چونکہ یہ انگلی راشد خان کی اسپننگ انگلی ہے اس لئے اس بات کا بھی خاص خیال رکھا گیا کہ اسے کوئی شدید نقصان نہ ہو۔ فزیو کی کوششوں کے نتیجہ میں راشد خان زمبابوے کے خلاف دوسرا ٹسٹ کھیل پائے ۔ میچ میں راشد خان نے 21 ویں صدی میں واحد ٹسٹ میچ میں سب سے زیادہ اوورس ڈالنے کا ریکارڈ قائم کیا ۔ انہوں نے شیخ زائد کرکٹ اسٹیڈیم ابو ظہبی میں کھیلے گئے میچ میں جملہ 99.2 اوورس بولنگ کی ۔ انہوں نے شین وارن کا ریکارڈ توڑ دیا جنہوں نے ایک ٹسٹ میں 98 اوورس ڈال کر ریکارڈ قائم کیا تھا ۔ زمبابوے کی پہلی اننگز میں انہوں نے 36.3 اوورس اور دوسری اننگز میں 62.5 اوورس کی گیند بازی کی ۔ اس ٹسٹ میں افغانستان نے زمبابوے کو چھ وکٹس سے شکست دیتے ہوئے سیریز 1 – 1 سے برابر کرلی ۔