حیدرآباد: آر ٹی سی بس کی ٹکر سے نوجوان لڑکی ہلاک، ڈرائیور گرفتار

,

   

حیدرآباد : شہر میں ایک اور المناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں خاتون سافٹ ویئر انجنیئر کو تیز رفتار آر ٹی سی بس نے روند دیا ۔ تفصیلات کے مطابق 35 سالہ سافٹ ویئر انجنیئر سوہنی سکسینہ جو ٹاٹا کنلسٹنسی سرویسیس کی ملازمہ تھی آج صبح ڈیوٹی کیلئے روڈ نمبر 12 بنجارہ ہلز سے گزررہی تھی کہ تیز رفتار آر ٹی سی بس نے اسے ٹکر دیدی ۔ اس حادثہ میں سوہنی برسرموقع ہلاک ہوگئی جس کے نتیجہ میں برہم مقامی عوام نے بس پر سنگباری کی اور ڈرائیور کو شدید زدوکوب کیا ۔

YouTube video

مذکورہ خاتون سافٹ ویئر انجنیئر ڈیوٹی کیلئے روانہ ہوئی تھی اوراپنی موٹر سائیکل پر جارہی تھی اور اس نے ہیلمٹ بھی پہنا ہوا تھا لیکن اس کے باوجود بھی سر کو روندتی ہوئی بس نے اسے موت کے گھاٹ اتاردیا ۔ پولیس نے بتایا کہ برکت پورہ بس ڈپو سے تعلق رکھنے والی بس کونڈا پور تا کوٹھی جارہی تھی کہ بس ڈرائیور سریدھر نے انتہائی تیز رفتاری اور لاپرواہی سے بس چلاتے ہوئے اسے عقبی سمت سے ٹکر دیدی ۔ ٹکر دینے کے بعد بھی بس ڈرائیور نے بس نہیں روکا اور سوہنی سکسینہ کی نعش کو کچھ فاصلے تک گھسیٹتے ہوئے لے گیا ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ سوہنی اپنے شوہر ونود کمار کے ساتھ بنجارہ ہلز کالونی میں مقیم تھی اور انہیں دو بچے بھی ہیں ۔

حادثہ سے قبل سوہنی نے اپنے شوہر کو فون پر یہ اطلاع دی کہ وہ ڈیوٹی کیلئے روانہ ہورہی ہے ۔ آر ٹی سی بس ڈرائیور کی لاپرواہی کے نتیجہ میں مقامی عوام برہمی کی حالت میں بس کو توڑ پھوڑ کیا اور ڈرائیور کی پٹائی کی ۔ اسی دوران ٹریفک پولیس نے اسے ہجوم سے بچاکر پولیس اسٹیشن کے حوالے کیا ۔ انسپکٹر کنگا راؤ نے بتایا کہ ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اسے گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ اس خوفناک حادثہ کا منظر سی سی ٹی وی میں ریکارڈ ہوا ۔