حیدرآباد سے مقابلہ نہ کرنے ایم بی ٹی کے فیصلے کی ستائش

   

مختلف تنظیموں و اداروں کی رائے ۔ سوشیل میڈیا پر بھی تحریک کو خراج

حیدرآباد۔25اپریل(سیاست نیوز)حلقہ لوک سبھا حیدرآباد سے مجلس بچاؤ تحریک نے مقابلہ نہ کرنے کا اعلان کرکے شہر حیدرآباد سے بی جے پی کو صاف کرنے کی بات کہی جس کا مختلف گوشوں اور شہریوں کی جانب سے خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔ صدر مجلس بچاؤ تحریک جناب مجید اللہ خان فرحت نے کل لوک سبھاحیدرآباد سے مقابلہ نہ کرنے کے فیصلہ سے واقف کروایا اور کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ ملک کے موجودہ ماحول میں مسلم ووٹ منتشر ہوں اور فرقہ پرستوں کے ناپاک عزائم کو کامیابی حاصل ہو۔ انہوں نے حیدرآباد نشست سے مقابلہ نہ کرنے کے اعلان کے دوران کہا کہ شہر سے بی جے پی کی ناکامی مجلس بچاؤ تحریک کی کامیابی ہے اسی لئے ان کی جماعت کے قائدین سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ مخالفین تحریک اس فیصلہ کی اہمیت کو سمجھیں اور شہرسے فرقہ واریت کے خاتمہ کو یقینی بنانے کام کرنے کے علاوہ شہر کی ترقی پر توجہ کریں۔ جناب مجید اللہ خان فرحت کے اعلان کے بعد دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کی مختلف تنظیموں و اداروں کی جانب سے تحریک کے فیصلہ کی ستائش کرکے کہا جا رہاہے کہ مجلس بچاؤ تحریک نے وقت کی اہم ضرورت کو محسوس کرکے جو فیصلہ کیا اس کا خیر مقدم کیا جانا چاہئے ۔ سوشل میڈیا پر بھی مجلس بچاؤ تحریک کے فیصلہ کی ستائش میں کہا کہ جا رہاہے کہ شہر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور گنگاجمنی تہذیب کی برقراری اور مسلم ووٹوں کو منقسم ہونے کے بچانے تحریک نے جو فیصلہ کیا وہ امت مسلمہ کیلئے خوش آئند ہے۔ جناب مجید اللہ خان فرحت نے کہا کہ ان کی جماعت انتخابات میں حصہ نہ لیتے ہوئے شہر میں عوام کے اتحاد کو برقرار رکھنے میں تعاون کررہی ہے اور انہیں امید ہے کہ آئندہ بلدی انتخابات میں جب مجلس بچاؤ تحریک کے امیدوار عوام میں پہنچیں گے تو تحریک کی قربانی کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہو ںنے بتایا کہ تحریک نے عام انتخابات میں امیدوار کو نہ اتارنے کا فیصلہ کرکے جو قربانی دی اس کا مقصد محض بی جے پی کی ناکامی کو یقینی بنا کر شہر میں فروغ پارہی فرقہ وارانہ منافرت کے خاتمہ کو یقینی بنانا ہے۔3