حیدرآباد سے پد یاترا شروع کرنے ہریش راؤ کا چیف منسٹر سے مطالبہ

   

حیدرآباد ۔9۔نومبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سابق وزیر ہریش راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی پد یاترا کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے متحدہ نلگنڈہ ضلع میں موسیٰ ندی کے اطراف کے علاقوں میں پد یاترا کی ہے اور اپوزیشن قائدین کو روکنے کیلئے بڑے پیمانہ پر گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔ بی آر ایس قائدین کو مکانات میں محروس رکھا گیا اور دیگر قائدین کو گرفتار کیا گیا۔ ہریش راؤ نے بی آر ایس قائدین کی گرفتاری کی مذمت کی اور کہا کہ موسی ریور پراجکٹ کے متاثرین کے مسائل پیش کرنے سے روکا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کیلئے حکومت نے بازآبادکاری منصوبہ کا اعلان نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف غریبوں کے مکانات منہدم کئے گئے اور دوسری طرف چیف منسٹر پد یاترا کر رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ حیدرآباد میں غریبوں کے مکانات منہدم کرنے کے بعد نلگنڈہ میں پد یاترا کا کیا مقصد ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ حیدرآباد سے پد یاترا کا آغاز کریں تاکہ عوام کے ردعمل کا پتہ چلے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر پراجکٹ کو عوامی تائید حاصل ہے تو پھر بی آر ایس قائدین کی گرفتاریوں اور انہیں محروس رکھنے کی کیا ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ موسیٰ ندی کی موجودہ ابتر صورتحال 50 سالہ کانگریس دور حکومت کی ناکامی کا نتیجہ ہے۔ 1