حیدرآباد ضلع میں 45 لاکھ رائے دہندے: رونالڈ راس

   

حیدرآباد اور سکندرآباد حلقوں کیلئے آج سے پرچہ جات نامزدگی کا ادخال، 65 ہزار نئے ووٹرس کی شمولیت
حیدرآباد۔/17 اپریل، ( سیاست نیوز) لوک سبھا چناؤ سے قبل حیدرآباد کے15 اسمبلی حلقہ جات میں 18 سے 19 سال عمر کے 65595 رائے دہندوں کے نام فہرست رائے دہندگان میں شامل کئے گئے۔ حیدرآباد ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر رونالڈ راس کے مطابق 23 جنوری 2024 سے 15 اپریل تک 88509 نئے ووٹرس کے نام شامل کئے گئے جن میں پہلی مرتبہ شامل ہونے والے ووٹرس بھی شریک ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سے زائد اندراج اور فوت ہونے والے جملہ 1.24 لاکھ نام فہرست سے حذف کئے گئے۔ 8 فروری 2024 کو جاری کردہ فہرست رائے دہندگان کے مطابق حیدرآباد کے 15 اسمبلی حلقہ جات کے تحت 4570138 رائے دہندے3986 پولنگ اسٹیشنوں میں 13 مئی کو حق رائے دہی سے استفادہ کریں گے۔ رونالڈ راس نے عہدیداروں کے ساتھ انتخابی تیاریوں اور ضابطہ اخلاق کے نفاذ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کیلئے لازم ہے کہ وہ ان پر موجود کیسس کی تفصیلات اخبارات یا ٹی وی چینلس میں پیش کریں اور اس کے ثبوت کے ساتھ الیکشن حکام کے پاس داخل کریں۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد ضلع کے تقریباً 50 فیصد پولنگ اسٹیشنس حساس زمرہ میں شامل کئے گئے ہیں۔ موسم گرما کے پیش نظر پولنگ اسٹیشنوں میں پینے کے پانی اور شیڈ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کی نگرانی کیلئے مبصرین کا تقرر کیا گیا ہے۔ حیدرآباد ضلع میں مرد رائے دہندے 2330574 ہیں جبکہ خاتون رائے دہندوں کی تعداد 2239240 ہے۔ تھرڈ جینڈر 324 اور این آر آئی رائے دہندے 846 ہیں۔ حیدرآباد ضلع میں 97799 رائے دہندے اپنے علاقے اور حلقہ جات تبدیل کرچکے ہیں۔ ضلع میں 5383 کنٹرول یونٹ قائم کئے گئے ہیں۔ 16 مارچ کو انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد سے ضلع میں 14.03 کروڑ نقد ضبط کئے گئے جبکہ 20198 لیٹر غیر قانونی شراب ضبط کی گئی۔ 163 کیلو منشیات کی منتقلی کو روکنے میں کامیابی ملی ہے۔ رونالڈ راس نے بتایا کہ لوک سبھا حلقہ حیدرآباد کے پرچہ جات نامزدگی کلکٹر آفس حیدرآباد میں داخل کئے جاسکتے ہیں جبکہ سکندرآباد نشست کیلئے سکندرآباد زونل کمشنر آفس میں پرچہ جات نامزدگی قبول کئے جائیں گے۔ کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کیلئے سی ای او کنٹونمنٹ کے دفتر میں پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جاسکتے ہیں۔ امیدواروں کو ضمانت کے طور پر 25000 روپئے جمع کرانے ہوں گے جبکہ ایس سی، ایس ٹی امیدواروں کو 12500 روپئے بطور ضمانت جمع کرانا ہوگا۔1