حیدرآباد: میئر حیدرآباد بی رام موہن کے دفتر کا ملازم اور ان کا ڈرائیور کوویڈ۔ 19 سے متاثر۔ میئر کا آج ٹسٹ کیا جائے گا۔

,

   

حیدرآباد(تلنگانہ): عظیم تر بلدیہ حیدرآباد کے میئر بی رام موہن کے دفتر جی ایچ ایم سی آفس واقع ٹینک بنڈ کا ایک ملازم کوویڈ۔ 19 سے مثبت پایا گیا۔ متاثرہ شخص بی رام موہن کے چیمبر کا ملازم بتایا گیا ہے۔ میئر کے چیمبر کو سینی ٹائز کرنے کے بعد بند کردیا گیا ہے۔ ایک ووسرے باوثوق ذرائع کے مطابق میئر حیدرآباد بی رام موہن کی کار کا ڈرائیور بھی کوویڈ۔ 19 سے مثبت پایا گیا ہے۔ ڈرائیور کا آج ٹسٹ کیا گیا جس پر رپورٹ مثبت آئی ہے۔ چونکا دینے والی بات یہ ہے کہ متاثرہ ڈرائیور اپنی خدمات انجام دیتے ہوئے جمعرات کی صبح تک بھی میئر رام موہن کے ساتھ تھا اور ان کی بھی گاڑی چلائی۔ بعد ازاں میئر بی رام موہن اور ان کی فیملی کو کورنٹائن میں رکھا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ میئر اور ان کی فیملی کا جمعہ کو کوویڈ۔ 19 کا ٹسٹ کیا جائے گا۔

جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں ان تمام لوگوں کی تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں جو ڈرائیور کے رابطہ میں آئے اور اس سے متاثر ہوئے۔ ذرائع کے مطابق کچھ دن قبل میئر بی رام موہن ایڈک میٹ میں ایک پروگرام میں شرکت کی تھی۔اس موقع پر انہوں نے ایک ہوٹل میں چائے پی۔ مئیر کو جس ہوٹل ملازم نے چائے سربراہ کی تھی بعدمیں وہ کوویڈ۔ 19 سے متاثر پایا گیا۔ اسی سلسلہ میں میئر بی رام موہن کا بھی عثمانیہ میڈیکل کالج میں کوویڈ۔19 کا ٹسٹ لیا گیا جس میں وہ کوروناسے آزاد پائے گئے یعنی ان کی رپورٹ منفی آئی۔ اور اب ان کا ڈرائیور کوویڈ۔19 سے مثبت پایا گیا ہے۔ اب پھر دوبارہ ان کا ٹسٹ لیا جائے گا۔ اس طرح ایک ہفتہ میں دو سری مرتبہ انہیں ٹسٹ کے مرحلہ سے گذرنا پڑے گا۔