حیدرآباد میں مفت پینے کے پانی کی سربراہی اسکیم کی شرائط میں توسیع

   

میٹر نصب کرنے کیلئے اپریل تک مہلت، کونسل میں کے ٹی آر کا بیان
حیدرآباد: وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے حیدرآباد میں مفت پینے کے پانی کی سربراہی اسکیم سے استفادہ کیلئے میٹر نصب کرنے کی دی گئی مہلت میں اپریل کے اختتام تک توسیع کردی ہے۔ اسکیم کے تحت ہر گھر کو ماہانہ 20,000 لیٹر پانی مفت سربراہ کیا جائے گا ۔ حکومت نے ہر گھر کے لئے واٹر میٹر نصب کرنے اور کنزیومر نمبر کو آدھار سے مربوط کرنے کی شرط رکھی ہے۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل میں ٹی آر ایس رکن ایم ایس پربھاکر راؤ کی توجہ دہانی پر کے ٹی آر نے کہا کہ میٹر نصب کرنے کیلئے 31 مارچ تک مہلت دی گئی تھی لیکن اب اس نے اپریل کے اختتام تک توسیع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آدھار سے مربوط اسکیم سے 95 فیصد گھریلو صارفین کو فائدہ ہوگا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ میٹر کی تنصیب کیلئے 24 ایجنسیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ریاستی حکومت اسکیم پر 500 کروڑ خرچ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں حیدرآباد میٹرو واٹر بورڈ کے دفتر کے روبرو گرما کے دوران پانی کی سربراہی کیلئے خواتین کے مظاہرے عام بات تھی۔ نئی ریاست تلنگانہ اور ٹی آر ایس کے برسر اقتدار آنے کے بعد پانی کی سربراہی کی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ گھریلو صارفین کو بلا وقفہ پانی سربراہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مفت سربراہی اسکیم سے عوام کو مزید سہولت ہوگی۔