دھوپ کے اوقات میں عوام کو باہر نہ نکلنے کا مشورہ ، پانی کے زیادہ استعمال پر زور
حیدرآباد۔27اپریل (سیاست نیوز) شہر میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ کے دوران آج حیدرآباد وسکندرآباد کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت 43 ڈگری سیلسیس تک ریکارڈ کیاجاچکا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ تین یوم کے دوران درجہ حرارت میں مزید اضافہ کے علاوہ گرمی کی لہر میں بھی شدت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں گرمی کی شدت میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے نتیجہ میں لو لگنے کے واقعات میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور کہا جارہاہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں چلائے جانے والے بستی دواخانوں سے لو لگنے کے واقعات کا شکارہوتے ہوئے رجوع ہونے والے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ شہر حیدرآباد درجہ حرارت میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے آئندہ 3یوم کے دوران گرمی کی شدت میں اضافہ کے اور شام کے اوقات میں گرج‘ چمک ‘ کے ساتھ بارش کے امکانات بھی ظاہر کئے جارہے ہیں جس کے نتیجہ میں گرمی کی شدت میں کسی قدر راحت حاصل ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین کے مطابق ریاست تلنگانہ کے علاوہ ملک کی مختلف ریاستوں میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے جس کی وجہ ایل نینو ہے اور ایل نینو کے اثرات کے سبب جاریہ موسم گرما کے شدیدہونے کے علاوہ مانسون کی آمد میں تاخیر کے بھی خدشات ظاہر کئے گئے ہیں۔ خانگی ماہرین موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی کے مطابق شہر حیدرآباد کے بیشتر علاقوں میں آئندہ تین یوم کے دوران درجہ حرارت 44ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرنے کا خدشہ ہے اسی لئے عوام کو دھوپ کے اوقات میں گھروں سے نکلنے سے اجتناب کی تاکید کی جا رہی ہے اور کہا جار ہاہے کہ ضعیف العمر شہریوں کو دھوپ کے اوقات میں گھر سے نکلنے سے گریز کرنا چاہئے ساتھ میں جتنا ممکن ہوسکے زیادہ سے زیادہ پانی کے استعمال کے علاوہ تازہ پھلوں کا جوس استعمال کرنا چاہئے۔3/m/b