ٹنڈرس کی 11 فروری سے اجرائی، 25 فروری داخل کرنے کی آخری تاریخ
حیدرآباد۔ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ( ٹی ایس آر ٹی سی) نے آج شہر حیدرآباد میں انٹر سٹی سرویس کیلئے 25 ڈبل ڈیکربسوں کی خریداری کیلئے ٹنڈرس طلب کئے ہیں۔ ان بسوں کو 2000 کے اوائل میں سڑکوں سے ہٹادیا گیا تھا۔ ان بسوں کی سرویس چلانے اور ان کی دیکھ بھال کیلئے آنے والی لاگت میں اضافہ اور اس کے اسپیرپارٹس کی عدم دستیابی کے باعث بسوں کو روک دیا گیا تھا۔ ٹی ایس آر ٹی سی نے اب دوبارہ بسیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے لئے ٹنڈر میں خصوصی وضاحت کی گئی ہے کہ یہ ڈبل ڈیکر بسیں نان اے سی ہوں۔ بسوں کو BS-VI کے معیارات کے مطابق تیار کرنا ہوگا۔ بولی دہندگان کو چاہیئے کہ وہ مذکورہ بالا بسوں کی تیاری سے متعلق اپنے ڈیزائن پیش کریں۔ آر ٹی سی نے کہا کہ ٹنڈرس کو 11 فروری سے ڈپو سے خریدا جاسکتا ہے۔ دلچسپی رکھنے والے بولی دہندگان کے ساتھ 18 فروری صبح 11 بجے ایک اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ ٹنڈرس داخل کرنے کی آخری تاریخ 25 فروری ہوگی۔ گذشتہ سال نومبر میں شہری ترقی کے وزیر کے ٹی راما راؤ نے ڈبل ڈیکر بس میں اپنے سفر کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اسکول کو ان ڈبل ڈیکر بسوں میں جایا کرتے تھے۔