حیدرآباد میں SIR مہم کے دوران نوٹس پرنٹنگ کا بحران، تقسیم میں تاخیر

   

12.5 لاکھ ووٹرس کو نوٹس کا چیلنج ۔ وقت کی قلت سے EROs پر روزانہ 40 ہزار کیس کا بھاری بوجھ
/16 ستمبر تک مہلت ، تاریخ پیدائش کے لحاظ سے دستاویزات کی شرط ، الیکشن کمیشن کے رہنما خطوط جاری
حیدرآباد : /21 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ میں ووٹر لسٹوں کی جامع نظرثانی (SIR) عمل کے تحت ضلع حیدرآباد میں ایک نیا انتظامی اور تیکنیکی بحران پیدا ہوگیا ہے ۔ ووٹر س کو دی جانے والی نوٹس کی پرنٹنگ کا کام ابھی تک مکمل نہ ہونا اس پور ے عمل میں سب سے بڑی رکاوٹ بن کر ابھرا ہے ۔ حکام اور شہریوں کے سامنے سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ وقت کی شدید قلت اور صرف 15 الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس (EROs) کی موجودگی میں اتنے بڑے پیمانے پر نوٹس کی پرنٹنگ ، تقسیم اور سماعت کا عمل طئے شدہ آخری تاریخ تک کیسے مکمل ہوسکے گا ؟ حالیہ شائع شدہ ڈرافٹ لسٹ کے مطابق ضلع حیدرآباد میں جملہ 27,95,225 ووٹرس درج ہیں ۔ تاہم ڈیٹا کی تلافی اور تصدیق کے دوران لاکھوں ووٹ متاثر پائے گئے ۔ جملہ 27.95 لاکھ ووٹرس میں سے 5,80,908 لاکھ ووٹرس ایسے ہیں جن کی 2002 کی SIR لسٹ کے مطابق مکمل تفصیلات نہ ہونے کی وجہ سے میاپنگ نہیں ہوسکی ہے ۔ ووٹ میاپنگ کے بعد بھی مزید 6,72,678 لاکھ ووٹرس کے نام Sir Name ، والدین کے نام اور دیگر بنیادی تفصیلات میں غلطیاں یا تضادات پائے گئے ہیں ۔ غیر میاپنگ اور غلط تفصیلات والے تمام معاملات ملاکر ضلع حیدرآباد میں مجموعی طور پر 12,53,586 لاکھ ووٹرس کو نوٹس جاری کئے جانے ہیں ۔ 12 لاکھ 50 ہزار سے زائد ووٹرس کو نوٹس جاری کرنا ہے لیکن پرنٹنگ کا عمل مکمل نہیں ہوسکا ہے ۔ نوٹس جاری کرنے اور ان کے خلاف اعتراضات سن کر تصدیق کرنے کی آخری تاریخ /16 ستمبر مقرر کی گئی ہے ۔ اتنے بڑے ضلع میں اعتراضات اور سماعت کیلئے صرف 15 (EROs) دستیاب ہیں ۔ ایک مہینے کے قلیل وقت میں 12.5 لاکھ سے زائد معاملوں کو نمٹانے کا مطلب ہے کہ تمام 15 EROs کو مل کر روزانہ تقریباً 40 ہزار ووٹرس کے اعتراضات سننے پڑیں گے ۔ پرنٹنگ کی تاخیر کے باعث اب یہ سوالات شدت اختیار کرگئے ہیں کہ نوٹس کب چھپیں گے ؟ شہریوں میں ان کی تقسیم کب مکمل ہوگی اور /16 ستمبر سے پہلے اتنے بڑے پیمانے پر سماعت کا عمل کیسے پور ا ہوسکے گا ؟ فیلڈ لیول کی گنتی اور ڈیٹا کی جانچ کے دوران جن غلطیوں کی نشاندہی کی گئی ہے انہیں کی بنیاد پر نوٹس بھیجے جارہے ہیں ۔ اینومریشن فارم میں دیئے گئے نام ۔ Sir Name یا والدین کے نام کا 2002 ء کی ماسٹر لسٹ سے میل نہ کھانا ۔ والدین اور بچوں کے درمیان عمر کا فرق 15 سال سے کم ہونا ۔ ایک ہی والدین کے بچوں کی عمر میں 9 ماہ سے کم کا فرق درج ہونا ۔ خاندانی تعلقات ۔ سرپرستی یا رہائشی پتہ کی غلط اور غیر متوازن رجسٹریشن ، عہدیداروں نے ووٹرس کو واضح کیا کہ نوٹس موصول ہونے کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ ان کا ووٹ بوگس مان لیا گیا ہے یا اسے منسوخ کردیا جائے گا ۔ نوٹس کا بنیادی مقصد ڈیٹا کو دوبارہ چیک کرنا اور اس بات کی تصدیق کرنا ہے کہ آیا متعلقہ ووٹر کی تفصیلات درست ہیں یا نہیں ۔ اگر کسی ووٹر کو نوٹس موصول ہوتا ہے تو اسے اپنی تفصیلات کی درستگی ثابت کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کے منظور کردہ دستاویزات جمع کرنے ہوں گے ۔ الیکشن کمیشن نے تاریخ پیدائش کی بنیاد پر دستاویزات کی تین الگ زمرہ بندیاں کی ہیں ۔ یکم جولائی 1987 ء سے پہلے پیدا ہونے والے ووٹرس کو 12 اقسام کے دستاویزات میں سے کوئی ایک ثبوت ERO کو پیش کرنا ہوگا ۔ یکم جولائی 1987 ء تا /2 ڈسمبر 2004 ء کے درمیان پیدا ہونے والی ووٹرس کو اپنا شناختی کارڈ اور اس کے ساتھ والدین میں سے کسی ایک کا شناختی کارڈ یا سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوگا ۔ /2 ڈسمبر 2004 ء کے بعد پیدا ہونے والے ووٹرس کو اپنے شناختی ثبوت کے ساتھ والدین دونوں (والد اور والدہ) کے شناختی کارڈس اور سرٹیفکیٹس پیش کرنا لازمی ہوگا ۔ 2/y