تلنگانہ کے عہدیداروں سے الیکشن کمیشن کی ویڈیو کانفرنس، رائے دہی کے انتظامات کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے 13 مئی کو لوک سبھا حلقہ جات کی رائے دہی والی ریاستوں کے چیف الیکٹورل آفیسرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ رائے دہی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ کمیشن کے سینئر ڈپٹی الیکشن کمشنر نتیش ویاس نے تلنگانہ کے تمام 17 لوک سبھا حلقہ جات کے مبصرین ، ضلع کلکٹرس ، ایس پی، ریٹرننگ آفیسرس اور دیگر عہدیداروں سے آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی کے بارے میں تفصیلات حاصل کی۔ انہوں نے مبصرین سے انتخابی ضابطہ اخلاق اور دیگر امور کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ حیدرآباد سے چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج ، انتخابی مصارف کے نوڈل آفیسر مہیش بھاگوت ، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل سنجے جین ، ایڈیشنل سی ای او لوکیش کمار اور جوائنٹ سی ای او سرفراز احمد نے ویڈیو کانفرنس میں حصہ لیتے ہوئے تفصیلات سے واقف کرایا۔ نتیش ویاس نے ووٹر شناختی کارڈ کی تقسیم کے علاوہ ای وی ایم مشینوں کی منتقلی اور پولنگ اسٹیشنوں میں عوام کے لئے بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر استفسارات کئے ۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں میں پینے کے پانی کے علاوہ مناسب سیکوریٹی اور میڈیکل ٹیم کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں اور امیدواروں کے ساتھ یکساں سلوک کیا جائے اور مکمل شفافیت اور غیر جانبداری سے کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں اور پارٹیوں کی شکایات پر بروقت کارروائی کی جائے۔ نتیش ویاس نے عہدیداروں سے کہا کہ رائے دہی سے 72 گھنٹے قبل سے ہی چوکسی اختیار کرلیں۔ ضلع کلکٹرس اور پولیس عہدیداروں نے تفصیلات سے واقف کرایا۔ حیدرآباد اور سکندرآباد لوک سبھا حلقوں کے عہدیداروں نے اضافی فورس کی درخواست کی تاکہ شہر کے بعض اسمبلی حلقہ جات میں تعینات کیا جائے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے حساس پولنگ اسٹیشنوں اور اسمبلی حلقہ جات کی نشاندہی کی ہے جہاں نیم فوجی دستوں کی زائد فورس تعینات کی جائے گی۔ 1