حیدرآباد کا آج راجستھان سے سنسنی خیز مقابلہ متوقع

   

چندی گڑھ،26 مئی (ایجنسیز) رواں آئی پی ایل کے ایلیمینیٹر میں راجستھان رائلز اور سن رائزرس حیدرآباد کے درمیان کل یہاں ہونے والا اہم مقابلہ محض بیٹنگ اور بولنگ کی جنگ نہیں بلکہ حکمت عملی، اعصاب اور درست منصوبہ بندی کا امتحان بھی ہے۔ دونوں ٹیموں کے پاس جارحانہ اوپنرز اور دھماکہ خیز ٹاپ آرڈر موجود ہے، جس کے باعث ماہرین اس مقابلے کو ٹورنمنٹ کے سب سے سنسنی خیز میچوں میں شمارکررہے ہیں۔ راجستھان رائلز کے اوپنرز ویبھو سوریا ونشی اور یشسوی جیسوال کو رواں سیزن کے سب سے خطرناک اوپننگ جوڑیوں میں شمار کیا جارہا ہے، جبکہ سن رائزرس حیدرآباد کے ابھیشیک شرما، ٹریوس ہیڈ اور ایشان کشن پر مشتمل ٹاپ تھری نے بھی پورے ٹورنمنٹ میں برق رفتار بیٹنگ سے مخالف ٹیموں کو شدید دباؤ میں رکھا۔ اسی وجہ سے دونوں ٹیموں کی حکمت عملی کا بڑا حصہ ان بیٹرزکو جلد آؤٹ کرنے پر مرکوز ہوگا۔سوریا ونشی کے خلاف سن رائزرس کے فاسٹ بولرز پیٹ کمنز اور ایشان ملنگا اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ سوریا ونشی کو رواں سیزن میں صرف محسن خان نے مکمل طور پر دباؤ میں لانے میں کامیابی حاصل کی تھی۔ محسن خان نے شارٹ گیندوں اور جسم کے قریب بولنگ کے ذریعے نوجوان بیٹرکو مشکلات میں ڈالا تھا۔ اب سن رائزرس بھی اسی حکمت عملی کو اپنانے کی تیاری کررہی ہے۔ کمنز اور ملنگا کی اضافی باؤنس اورکٹرگیندیں سوریا ونشی کو پل اور ہک شاٹس کھیلنے پر مجبورکرسکتی ہیں، جہاں غلطی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔یشسوی جیسوال کے خلاف بھی سن رائزرس اسی طرز کی بولنگ جاری رکھنا چاہے گی، تاہم لائن نسبتاً سیدھی رکھی جائے گی۔ جیسوال کو اس سے قبل ایشان ملنگا اور ثاقب حسین اسی حکمت عملی کے ذریعہ آؤٹ کرچکے ہیں۔ نیو چندی گڑھ کی بڑی اسکوائر باؤنڈریز بھی فاسٹ بولروں کے لیے مددگار ثابت ہوسکتی ہیں، کیونکہ غلط ٹائمنگ پرکھیلے گئے شاٹس کیچ میں تبدیل ہوسکتے ہیں۔دوسری جانب راجستھان رائلزکی امیدیں ایک بار پھر جوفرا آرچر سے وابستہ ہوں گی۔ اگر راجستھان کو ٹریوس ہیڈ اور ابھیشیک شرما جیسے خطرناک بیٹرزکو قابو میں رکھنا ہے تو آرچر کو اپنی بہترین فارم میں بولنگ کرنی ہوگی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہیڈ اور ابھیشیک نے آرچر کے خلاف تیزی سے رنز ضرور بنائے ہیں، لیکن وہ متعدد مرتبہ ان کا شکار بھی بن چکے ہیں۔کرکٹ ماہرین کے مطابق آرچر کے خلاف کامیاب حکمت عملی یہ ہوسکتی ہے کہ سن رائزرس کے اوپنرز ابتدائی اوور میں غیر ضروری جوکھم لینے سے گریز کریں۔ آرچر عموماً وکٹ کے اوپر سے بولنگ کرتے ہوئے آف اسٹمپ کے قریب اچھی لینتھ پر گیند پھینکتے ہیں، جو بعد میں قدرتی موومنٹ کے ساتھ باہر نکلتی ہے۔ یہی انداز ابھیشیک شرما اور ٹریوس ہیڈ دونوں کے لیے مشکلات پیدا کرتا ہے۔راجستھان رائلز کے لیے ایک حیران کن بولر ڈونووَن فریرا کی پارٹ ٹائم بولنگ بھی ہوسکتی ہے۔ اگر ابتدائی اوورز میں آرچر دباؤ تو بنائیں مگر وکٹ حاصل نہ کرسکیں تو ٹیم انتظامیہ فریرا سے ایک اوورکرواسکتی ہے۔