SIR مہم کے پہلے مرحلہ میں ناموں کا اخراج، چارمینار ، عنبر پیٹ ، سکندرآباد اور گوشہ محل شامل
حیدرآباد۔21۔اگسٹ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم SIR کے پہلے مرحلہ کی تکمیل کے بعد حیدرآباد کے 6 اسمبلی حلقہ جات کو کم رائے دہندے والے حلقوں میں شامل کردیا ہے۔ ایس آئی آر مہم کے تحت غیر حاضر، منتقل ، فوت اور ایک سے زائد مقام پر نام کی موجودگی والے افراد کی نشاندہی کے بعد جو فہرست کا مسودہ جاری کیا گیا ، اس کے تحت تلنگانہ کے کم رائے دہندہ والے 10 اسمبلی حلقہ جات میں حیدرآباد میں حلقہ جات بھی شامل ہوئے ہیں۔ صنعت نگر ، سکندرآباد کنٹونمنٹ اور چارمینار اسمبلی حلقہ جات کا شمار ریاست کے ان پانچ حلقہ جات میں ہوچکا ہے جو رائے دہندوں کے اعتبار سے سب سے چھوٹے ہیں۔ SIR مہم سے قبل حیدرآباد کا ایک بھی حلقہ اس فہرست میں شامل نہیں تھا ۔ ایس آئی آر مہم سے قبل ریاست کے پانچ چھوٹے اسمبلی حلقہ جات میں بھدرا چلم 1.5 لاکھ ، بیلم پلی 1.8 لاکھ ، بانسواڑہ 1.9 لاکھ اور چنور 1.9 لاکھ رائے دہندوں کے ساتھ شامل تھے۔ فہرست رائے دہندگان کے مسودہ کی 17 اگست کو اجرائی کے بعد بھدرا چلم 1.33 رائے دہندوں کے ساتھ ریاست کا سب سے چھوٹا اسمبلی حلقہ بن چکا ہے ۔ صنعت نگر 1.39 رائے دہندوں کے ساتھ دوسرا اور سکندرآباد کنٹونمنٹ 1.4 لاکھ رائے دہندوں کے ساتھ تیسرا چھوٹا حلقہ بن چکا ہے ۔ چارمینار 1.43 لاکھ رائے دہندوں کے ساتھ چوتھا سب سے چھوٹا حلقہ بن چکا ہے جبکہ اشوا راؤ پیٹ میں 1.44 لاکھ رائے دہندے ہیں جو ریاست کا پانچواں چھوٹا اسمبلی حلقہ بن چکا ہے۔ بیلم پلی 1.59 لاکھ ووٹرس کے ساتھ چھٹویں، عنبر پیٹ 1.62 لاکھ کے ساتھ ساتویں اور گوشہ محل 1.65 لاکھ رائے دہندوں کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہیں۔ اس طرح حیدرآباد کے 6 اسمبلی حلقہ جات ریاست کے 10 چھوٹے اسمبلی حلقہ جات میں شامل ہوچکے ہیں جن میں صنعت نگر ، سکندرآباد کنٹونمنٹ ، چارمینار ، عنبر پیٹ ، گوشہ محل اور سکندرآباد شامل ہیں۔ 6 اسمبلی حلقہ جات میں SIR مہم کے پہلے مرحلہ میں تقریباً 6.46 لاکھ ناموں کے حذف ہونے کا امکان ہے۔1/k/m/b