خالق کائنات کے پیغام کو بندگان خدا تک پہونچانے کی کوشش

   

سداسیوپیٹ میں جماعت اسلامی کا اجتماع، ایم این بیگ زاہد اور دیگر کا خطاب

سداسیوپیٹ 26 / اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سداسوپیٹ کی مسجد سرائے میں جماعت اسلامی ہند شاخ سداسیوپیٹ کی جانب سے بعد نماز عشاء ایک اجتماع منعقد کیا گیا۔اس کا عنوان “رجوع الی القرآن” رکھا گیا تھا۔ اس عنوان کے ضمن میں رکھے گئے اس اجتماع سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے جناب ایم این۔ بیگ زاہد سیکریٹری اسلامی معاشرہ وجماعت اسلامی ہند ریاست تلنگانہ شرکت کرتے ہوئے خطاب کیا۔اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی ہند رجوع الی القرآن مہم کے ذریعے امت مسلمہ کو قرآن سے جوڑتے ہوئے قرآنی تعلیمات کی بنیاد پر ہر فرد کی تربیت اور معاشرے کی تعمیر کرنے کی طرف امت مسلمہ کو متوجہ کرانے اور تمام بند گان تک خالق کائنات کے اس پیغام کو پہنچانے کے عظیم مقصد کے تحت کام کیا جا رہا ہے۔اس کام کو عملی طور پر انجام دینے کے لئے مختلف کام کیے جا سکتے ہیں۔جیسے اپنے محلے اپنی بستی میں قرآن کے درس کا سلسلہ شروع کریں۔اسکولوں کالجوں میں قرآن کی تعلیم کا انتظام کریں۔ اپنے متعلقین کو قرآن مجید کا ترجمہ فراہم کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان قرآنی تعلیمات سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔قرآن مجید امت مسلمہ کے لیے ایک مشعل راہ ہے۔قرآن مجید کے ذریعے ہم اپنی زندگی کے ہر کام کی رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔اس جلسے میں جناب امجد حسین ناظم ضلع جماعت اسلامی ہند سنگاریڈی ، جناب رفیق الرحمن امیر مقامی جماعت اسلامی ہند ،محمد مختار نے خطاب کیا۔ جلسے کی نظامت سید اختر حسین نے انجام دی۔اس جلسے میں امت مسلمہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔