خاندانی پیشہ ورانہ افراد کو خود مکتفی بنانے کیلئے اقدامات

   

گجویل میں 351 افراد میں فی کس ایک لاکھ روپے چیکس کی حوالگی، ریاستی وزیر ہریش راؤ کا خطاب

گجویل ۔ 11 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر گجویل کے سی ایم کیمپ دفتر میں حلقہ اسمبلی گجویل سے متعلق رکھنے والے 351 خاندانی پیشہ وارانہ افراد میں ریاستی وزیر خزانہ و صحت عامہ ہریش راؤ کے ہاتھوں فی خاندان ایک لاکھ روپے کے چیکس کی حوالگی کی گئی۔ اس موقع پر ہریش راؤ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ چندر شیکھر راؤ خاندانی پیشہ وارانہ افراد کو خود مکتفی کرنے کی غرض سے مجاسی پندھو اسکیم کو عمل میں لاتے ہوئے خط غربت سے نیچے زندگی گذارنے والے خاندانی پیشہ وارانہ افراد کو ان کے پیشہ میں سرمایہ کاری کرنے کی غرض سے حکومت کی جانب سے صد فیصد سبسیڈی پر ایک لاکھ روپے فراہم کررہے ہیں۔ جس سے ریاست بھر میں پیشہ وارانہ افراد کی معاشی حالت میں سدھار ہونے کے علاوہ وہ اپنے پیشہ کے ذریعہ خود مکتفی ہونے کے علاوہ اپنے خاندان کی پرورش کرنے میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتیں بھی پیشہ وارانہ افراد کو مختلف کارپوریشنوں کے ذریعہ بینک لنگیج کے ذریعہ قرض کی فراہمی کی جاتی تھی اور اس قرض کو حاصل کرنے میں پیشہ وارانہ افراد کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا جس کی بناء بیشتر پیشہ وارانہ بالخصوص دیہاتوں میں رہنے والے پیشہ وارانہ افراد قرض فراہم نہ ہونے پر کسمپرسی کی زندگی گذارنے پر مجبور تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مجاسی بندھو اسکیم کو مرحلہ واری طریقہ کار سے ریاست کے پیشہ وارانہ افراد میں صد فیصد عمل کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔ اس پروگرام میں سدی پیٹ ضلع پریشد چیرمین روجا شرما کلکٹر سدی پیٹ پرشانت جیون پاٹل کے علاوہ محکمہ جاتی عہدیدار بی آر ایس قائدین و کارکن موجود تھے۔