خدمت خلق سب سے بڑی عبادت، روٹی بینک قائم کرنے پر زور

   

کپڑا بینک کی دسویں سالگرہ پر جناب عامر علی خاں ، آغا مجاہد حسین و دیگر کا خطاب

کپڑا بینک کی دسویں سالگرہ

حیدرآباد ۔29۔ اپریل (سیاست نیوز) خدمت خلق ہی سب سے بڑی عبادت ہے اور اللہ کا شکر ہے کہ وہ روزنامہ سیاست ، فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈ جیسے اداروں سے اپنے بندوں کی خدمت کا کام لے رہا ہے اور یقیناً یہ ا یک اعزاز ہے جہاں تک انسانیت کی خدمت کا سوال اس واقعہ سے آپ اندازہ لگاسکتے ہیں کہ ایک صاحب ہر سال حج کیلئے جایا کرتے تھے لیکن ایک سال ایسا آیا اکہ وہ کسی مجبوری کے تحت حج کیلئے نہیں جاسکے تب انہوں نے اپنے ایک ساتھی تو جو حج کی ادائیگی کیلئے جار ہے تھے، 100 ریال دیئے اور کہا وہاں عطیہ کردیں۔ حج کی ادائیگی کے بعد جب وہ صاحب واپس آرہے تھے ، ان صاحب نے جو انہیں 100 ریال دیئے تھے خواب میں دیکھا کہ کوئی کہہ رہا ہے کہ آپ نے 100 ریال بھیجے تھے ہمیں صرف 80 ریال ملے ہیں۔ اس طرح انہوں نے کئی مرتبہ یہ خواب دیکھا اور حاجی صاحب کی واپسی پر ان کے اعزاز میں دعوت کا اہتمام کیا اور پھر دریافت کیا کہ ہم نے آپ کو 100 ریال دیئے تھے لیکن میں نے خواب دیکھا کہ آپ نے 80 ریال خرچ کئے جن پر حاجی صاحب نے جواب دیا کہ سو ریال میں سے 40 ریال سے بھوکوں کو کھانا کھلایا ، 40 ریال کی چپلیں خرید کر ان لوگوں میں تقسیم کئے جن کے پاس چپلیں نہیں تھیں، دھوپ کی شدت سے ان کے پیر جھلسے جارہے تھے اور ماباقی 20 ریال مسجد کے عطیہ ڈبہ میں ڈال دیا ۔ اس واقعہ سے اندازہ ہوتا کہ اللہ عز وجل اپنے ضرورت مند بندوں کی مدد پر بہت خوش ہوتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں نے روزنامہ سیاست ، فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈ کی جانب سے قائم کردہ کپڑا بینک کی دسویں سالگرہ سے مخاطب تھے ۔ اس موقع پر مرحوم مینجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیرالدین علی خاں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ جناب عامر علی خاں نے اپنا سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے یہ بھی کہا کہ کپڑا بینک کی تجویز جناب ظہیر الدین علی خاں مرحوم نے پیش کی اور ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے اسے فوری قبول کیا، اس طرح 29 اپریل 2016 میں کپڑا بینک کا قیام عمل میں آیا ۔ کپڑا بینک کی سالگرہ کے موقع پر شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد اور اضلاع کی اہم شخصیتوں نے شرکت کی جن میں ڈاکٹر مخدوم محی الدین جناب سید حیدر ، جناب علی حیدر عامر ، جناب خلیل احمد (خلیل واچ) ، جناب ماجد، جناب محمد ، جناب سلمان طیبی (دو شبیر میڈیکل ہال) ویل کیر فاؤنڈیشن کے جناب طاہر حسین ، پروفیسر مجید بیدار ، پروفیسر انور خاں ، ڈاکٹر سمیع اللہ خاں ، جناب شفیق احمد ، ڈاکٹر احمدی ، جناب منور حسین ، غلام محمد ، نبیل حسینے ، فیصل حسین ، عادل حسین ، مولانا سجیع ، عثمان غنی ، جناب آفاق ارسطو، خلیق حیدر ، جناب فاضل حسین پرویز ، جناب جعفر حسین ، شمس الدین ، صدیق (مسجد عالیہ) ، محسن باقر، رشید حسین ، شمشاد حسین صفدر ، قویطی حیدر حسین ، انتخاب عالم (عادل آباد) ، ایس ٹی صدیقی (ناندیڑ) ، محترمہ انیس فاطمہ ، محترمہ شمس فاطمہ ، محترمہ بلقیس علی حیدر ، محترمہ مروت حسین ، محترمہ رباب فاطمہ ، محترمہ شہناز ، محترمہ آسیہ بیگم اور محترمہ عرشیہ جبیں (عثمان نگر سنٹر) بھی شامل ہیں۔ جناب عامر علی خاں نے پر زور انداز میں کہا کہ ہمیں دوسروں کی مدد کیلئے ہمیشہ آگے رہنا چاہئے اور روزنامہ سیاست نے ہمیشہ قوم و ملت کے ضرورت مندوں و نونہال بچوں کی ممکنہ مدد کے طریقہ کو اپنایا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج SIR کے ذریعہ 20-30 فیصد مسلم ووٹوں کو حذف کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اگر 30 فیصد ووٹ ہمارے حذف ہوتے ہیں تو اس سے ہمارے لئے درپیش چیلنج سے نمٹنا اس کا مقابلہ کرنا مشکل ہوجائے گا ۔ انہوں نے پارلیمانی و اسمبلی حلقوں کی نئی حدبندی کے ذریعہ مسلمانوں کے ووٹوں کی حیثیت گھٹانے کی سازشوں پر عمل کیا جارہا ہے ۔ ایسے میں ہمیں بھی اپنے آپ کو بدلنا ہوگا ۔ جناب عامر علی خاں نے کپڑا بینک کی طرح روٹی بینک شروع کرنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے روٹی تیار کرنے والی مشین فراہم کریں گے ۔ جناب عامر علی خاں کی صدارتی تقریر سے قبل آغا مجاہد حسین نے کہا کہ دین اسلام میں لباس کی بہت اہمیت ہے اور خاص طور پر یتیم و یسیروں کی مدد کرننے والوں کو خوش خبریاں سنائی گئیں ہیں ۔ انہوں نے اس بارے میں مزید کہا کہ بھوکوں کو کھانا کھلانا اور ننگوں کو کپڑے پہنانا سب سے بڑی عبادت ہے۔ ابتداء میں صدر ہیلپنگ ہینڈ ڈاکٹر شوکت علی مرزا نے کپڑا بینک کی تفصیلی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ دس برسوں کے دوران کپڑوں کے 6,82,379 پیاکٹس کی بلا لحاظ مذہب و ملت رنگ و نسل ذات پات تقسیم عمل میں آئی ۔ سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے اپنے خطاب میں مرحوم ظہیرالدین علی خاں کی قومی و ملی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عابد علی خاں آئی ہاسپٹل دارالشفاء میں قائم کپڑا بینک سے لاکھوں ضرورت مند خاندان استفادہ کر رہے ہیں ۔ اس موقع پر جناب ظہیر الدین علی خاں مرحوم کے فرزندان جناب اصغر علی خاں اور جناب فخر علی خاں بھی موجود تھے ۔ مہمانوں کے ہاتھوں مختلف خاندانوں میں لباس عروس اور دوسرے ملبوسات تقسیم کئے گئے اور خاص طور پر کینیڈا میں مقیم ڈاکٹر یاسمین صدیقی سے اظہار تشکر کیا گیا ۔ کپڑا بینک کے مینجر شیخ اکرم اور ایلیا فاطمہ کو ان کی گراں قدر خدمات پر مومنٹوز پیش کئے گئے ۔ آخر میں جناب رضوان حیدر نے شکریہ ادا کیا۔