خطرناک بین ریاستی سارقین کی گینگ کا پردہ فاش

   

6 ملزمین گرفتار ۔ 2 فرار ، 53 لاکھ مالیتی زیورات و دیگر اشیاء ضبط ۔ ایس پی کی پریس کانفرنس

نلگنڈہ ۔ 18 جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نلگنڈہ ضلع پولیس نے دونوں تلگو ریاستوں میں مقفل مکانات کو نشانہ بنا کر چوری کی متعدد وارداتیں انجام دینے والے ایک خطرناک بین الریاستی گینگ کا پردہ فاش کرتے ہوئے چھ ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ دو ملزمان تاحال مفرور ہیں۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے تقریباً 53 لاکھ روپے مالیت کے 260 گرام طلائی زیورات ، پانچ کلو گرام چاندی کے زیورات ، 1.50ایک لاکھ پچاس ہزار روپے نقد ، دو ٹی وی ، دو ساؤنڈ بار ، پانچ موٹر سائیکلیں اور سات موبائل فون برآمد کیے ہیں۔ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شرت چندر پوار آئی پی ایس نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اس گینگ کا سرغنہ بھوشمی سریکانت عرف امی راجو ایک انتہائی مطلوب بین الریاستی مجرم ہے جو نوجوانوں کو مختلف حربوں سے اپنے جال میں پھنساکر اُنہیں چوری کی وارداتوں میں ملوث کرتا تھا۔ ایس پی کے مطابق سریکانت پہلے نوجوانوں سے دوستی کرتا ان پر پیسہ خرچ کرتا ، ان کے مسائل میں مدد کا یقین دلاتا اور بعد ازاں کم وقت میں زیادہ دولت کمانے کا لالچ دیکر انہیں جرائم کی راہ پر گامزن کرتا تھا۔انہوں نے بتایا کہ سریکانت نے نو افراد پر مشتمل ایک منظم گینگ تشکیل دیا تھا جس میں شامل بیشتر نوجوانوں کا کوئی سابقہ مجرمانہ ریکارڈ نہیں تھا۔ پولیس نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں جدید ٹیکنالوجی اور خفیہ اطلاعات کی مدد سے کارروائیاں کرتے ہوئے گینگ کے چھ ارکان کو گرفتار کیا۔تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ یہ گینگ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے مختلف اضلاع میں 40 چوری کے مقدمات میں ملوث ہے۔ پولیس کے مطابق 12 وارداتوں سے حاصل ہونے والے فنگر پرنٹس گرفتار ملزمان سے مطابقت رکھتے ہیں جبکہ متعدد مقدمات میں سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر بھی ان کی شناخت کی گئی۔ایس پی شرت چندر پوار نے کہا کہ جدید سائنسی تحقیقات مضبوط انٹیلی جنس نیٹ ورک اور عوامی تعاون کی بدولت کوئی بھی مجرم قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ فوری دولت کے جھانسے میں آکر جرائم کی راہ اختیار نہ کریں۔اس کامیاب کارروائی میں نمایاں خدمات انجام دینے والے سی سی ایس مِریال گوڑہ رورل پولیس اور دیگر پولیس اہلکاروں کو ایس پی نے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔