نئی دہلی، 16 ستمبر (یو این آئی) وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا ہے کہ حکومت خواتین کی صحت اور بہبود کے سلسلے میں ہمیشہ کمر بستہ رہتی ہے اور اس سمت میں مسلسل کام کیا جا رہا ہے ۔ محترمہ ریکھا گپتا نے منگل کے روز یہاں ڈیفنس کالونی میں خواتین کے لیے وقف کینسر اسپتال ‘اپولو ایتھینا’ کا افتتاح کرنے کے بعد کہا کہ خواتین کے لیے کینسر کی نگہداشت بہت ہی حساس مسئلہ ہے اور میں یہ دیکھ کر بہت مطمئن ہوں کہ ہم خواتین کو حقیقی طور پر بااختیار بنانے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ اپولو ایتھینا کینسر کی نگہداشت میں سنگ میل ثابت ہوگا جو ہر عورت کے لیے عزت اور تحفظ کو یقینی بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایشیا کا پہلا ویمن کینسر سنٹر ہے جس سے پورے ملک کی خواتین مستفید ہوں گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی کا وژن بااختیار خواتین بااختیار خاندان ہے ۔ حکومت خواتین کی صحت اور بہبود کے لیے ہمہ وقت چوکس ہے ۔ حکومت پہلے ہی اس سمت میں کام کر رہی ہے اور مستقبل میں بھی ایسا کرنا چاہتی ہے ۔