خوبصورتی کیلئے گھریلو نسخے

   

خوبصورت چہرہ نرم وملائم شگفتہ جلد اور پرکشش لمبے گھنے سیاہ بال ہر عورت کی فطری خواہش ہوتی ہے۔چاہے وہ قدیم زمانے کی عورت ہو یا آج کے دور کی عورت۔دنیا کے تمام ممالک کی خواتین کی خوبصورتی کا راز ان کے چند پرانے نسخوں میں بھی پنہاں ہوتا ہے ،جسے وہ اپنی جلد کو نکھارنے اور جواں سال نظر آنے کیلئے باقاعدگی سے استعمال کرتی ہیں۔مختلف ثقافتوں میں یہ قدیم اور مفید نسخے نسل درنسل چلے آرہے ہیں۔وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کی مقبولیت اور استعمال میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔
ہندوستانی خواتین کے حسن کا راز: ہندوستانی خواتین بھی اپنی خوبصورتی میں نکھار پیدا کرنے کیلئے صدیوں پرانے نسخوں کو ترجیح دیتی ہیں۔ایوروویدک جو کہ قدیم طبی نظام ہے قدرتی حسن کو بر قرارکھنے کیلئے مختلف قسم کے تیل جیسے کہ صندل گلاب ،خشخاش وغیرہ کو تجویز کرتا ہے اس کے علاوہ صندل کا فیس پیک اپنی حیرت انگیز خصوصیات کی بنا پرہندوستان میں بہت زیادہ استعمال ہوتا ہے۔ ہندوستانی خواتین اپنے لمبے گھنے بالوں کی وجہ سے مشہور ہیں ،جنہیں خوبصورت بنانے کیلئے خواتین ناریل کے تیل کا بکثرت سے استعمال کرتی ہیں۔ناریل کے تیل کو نیم گرم کرکے سر کی کھوپڑی پر مساج کیا جاتا ہے اور پھر دوسری صبح بالوں کو دھو لیا جاتا ہے۔اس سے ناصرف بالوں کی نشوونما میں اضافہ ہوتا بلکہ روکھے ،بے رونق اور پتلے بال بھی مضبوط اور گھنے ہوجاتے ہیں۔