کاماریڈی میں مسجد کی افتتاحی تقریب کا انعقاد ۔ مفتی غیاث الدین رحمانی و دیگر کاخطاب
کاماریڈی ۔10 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) خوش نصیب لوگوں کو مسجد کی تعمیر و آبادی کی توفیق ملتی ہے مسجدوں کو وہی لوگ تعمیر کرتے ہیں آباد کرتے ہیں جو اللہ پر یوم آخرت پر ایمان رکھتے ہیں نماز ادا کرتے ہیں زکوٰۃ دیتے ہیں اور اللہ سے ڈرتے ہیں کاما ریڈی شاہراہ عام راما ریڈی روڈ بائی پاس کے نزدیک مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ کاما ریڈی کے تحت الحاج محمد عباس اور ان کی اہلیہ محترمہ رحیم النساء اور فزند الحاج محمد سعید کے فراخدلانہ و مخلصانہ تعاون سے نہایت ہی شاندار اسلامی و مغل طرز تعمیر کی شاہ کار مسجد کی از ابتدا تا مکمل تعمیر عمل میں آئی۔ اس مسجد کی نگرانی ڈیزائن وخدمت میں محمد عبد الماجد انجینئر، محمد سرور ، محمد عبد الرزاق نے اپنی ماہرانہ صلاحیتوں سے مسجد کی تعمیر کا شرف حاصل کیا ۔افتتاحی مسجد کے جلسہ سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی نے کہا کہ نبی کریم ﷺ جب مدینہ منورہ تشریف لائے تو اس وقت مسلمانوں کو بہت سے مسائل اور چیلنجز کا سامنا تھا لیکن ان حالات میں بھی آپ ﷺنے سب سے پہلے مسجد کی تعمیر کو ضروری سمجھا چنانچہ آپ ﷺ نے مسجد نبوی کی تعمیر کا فیصلہ فرمایامسجد نبوی کے لیے جس جگہ کا انتخاب کیا گیا وہ دو یتیم بچوں کی ملکیت تھی وہ دونوں بچے اس زمین کو مسجد کے لیے بطور ہدیہ پیش کرنے کے خواہش مند تھے لیکن نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے بلا قیمت قبول نہیں فرمایا بلکہ اس کی قیمت ادا کرنے کا حکم فرمایا چنانچہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے اس زمین کی قیمت ادا کی اور پھر اس مقام پر مسجد نبوی کی تعمیر عمل میں آئی۔حافظ محمد عبد الواجد حلیمی کی قرأت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا، جبکہ مولانا مفتی سید منور قاسمی خطیب مسجد قمر حفیظ پیٹ نے افتتاحی خطاب کیا۔ الحاج محمد علی شبیر مشیر حکومت تلنگانہ بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی تعمیر کرنے والوں اور مجلس تحفظ ختم نبوت کاما ریڈی کے زمہ داروں کو دلی مبارکباد پیش کی۔ علی بن عبداللہ مسقطی قائد بی آرایس نے ذمہ داران و معاونین کو مبارکباد پیش کی ۔ حافظ محمد فہیم الدین منیری نے اجلاس کی کاروائی چلائی ۔ الحاج میر مبشر علی عامر محمد معزاللہ الحاج محمد عبد الواجد علی الحاج سید عظمت علی نے مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ الحاج مقصود صاحب ایڈوکیٹ محمد عباد اللہ محمد فیروز الدین محمد افضل محمد رفیع الدین محمد عبد المجید حافظ محمد ناصر و دیگر اراکین و ذمہ داران نے انتظامات میں حصہ لیا محمد جاوید علی کنوینر اجلاس و رکن تاسیسی مجلس نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔