ایس آئی او کے ریاستی کانفرنس سے ڈاکٹر طلحہ فیاض الدین ، بیرسٹر اسد الدین اویسی ، حامد محمد خاں و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا ( ایس آئی او ) حلقہ تلنگانہ کی ریاستی کانفرنس کا آخری اور مرکزی سیشن ’ استعداد سازی اور مستقبل کی راہیں ‘ اپنے اختتام کو پہنچا ۔ ہزاروں لوگوں نے اس کانفرنس کے امید افزاء پیغام ’ شمع تغیر ‘ سے استفادہ کیا بشمول اطفال ، طلبہ وطالبات ، پروفیشنلز ، ڈاکٹرز ، طلباء مدرس اور مرد و خواتین وغیرہ ، برادر قیام الدین ( ریاستی سکریٹری ایس آئی او تلنگانہ ) نے تنظیم ایس آئی او کے چالیس سالہ سفر کا تعارف کرواتے ہوئے اس کے اثرات و خدمات کو بیان کیا ۔ جناب محی الدین شاکر ( مرکزی سکریٹری جماعت اسلامی ہند ) نے آگہی : انسانی وقار کی بحالی پر خطاب کیا اور یہ بات باور کروائی کہ اصلاً آگہی یہ ہے کہ انسان اپنا مقصد و مقام محسوس کرے اور راستہ یہ ہے کہ وہ اللہ کا اطاعت گزار بن جائے ۔ جناب کے کے سہیل سابق قومی صدر ایس آئی او نے کانفرنس کے تعمیری موضوع ’ استعداد سازی ‘ پر مفصل گفتگو کی ۔ نوجوانوں کو تعلیمی بلندیوں اور تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارنے کی طرف ابھارا اور والدین سے ان کے طرز تربیت کو ابھارنے اور جدید اسلوب میں ڈھالنے کی تلقین کی ۔ ڈاکٹر طلحہ فیاض الدین ریاستی صدر ایس آئی او تلنگانہ نے وہ صبح ہم ہی سے آئے گی موضوع پر خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کو چھ نکاتی لائحہ عمل تجویز کیا ۔ ایمان میں پختگی ، شخصیت میں نکھار ، داعیانہ کردار ، تعلیمی معیار ، صلاحیتوں میں ارتقاء اور حساسیت کا اظہار وغیرہ ۔ جناب بیرسٹر اسد الدین اویسی صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے باشعور شہری : ایک حساس سماج کی طرف کے عنوان کے تحت اپنا اظہار خیال پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں شعور بیداری کی ضرورت ہے اور اپنے آپ کو چوکنا رکھنے کی ضرورت ہے ۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم مشتعل یا متشدد ہوجائیں ، بلکہ ہم اپنے حقوق کے حصول کی جدوجہد کے سلسلہ میں چوکنا رہیں ، حکومت کی جانب سے دبانے کی کوشش کی جائے گی لیکن ہم کو مایوس ہونے کے بجائے ایک ذمہ دار شہری کی ذمہ داری ادا کرنی چاہئے ۔ انہوں نے ایس آئی او کو اس کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی ۔ صدارتی خطاب بعنوان ’ تعلقات : سماجی یکجہتی کا استحکام ‘ کو مولانا حامد محمد خاں نے پیش کیا اور یہ بات واضح انداز میں بیان فرمائی کہ سماجی یکجہتی کا استحکام ممکن نہیں ہے، سماجی تعلقات کے بغیر ۔ ایس ایس آئی او کے چالیس سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی اور اقبال کا جلوہ آفرین شعر جوانوں کی نذر کیا ، عقابی شان جب بیدار ہوتی ہے جوانوں میں ، نظر آتی ہے ان کو منزلیں آسمانوں میں ۔ برادر حافظ حماد الدین نے اظہار تشکر کے ساتھ کانفرنس کے اختتام کا اعلان کیا اور حیدرآباد کے افراد تنظیم کی غیر معمولی محنت و مشقت کو خراج تحسین پیش کیا ۔ آخر میں ایس آئی او تلنگانہ کی جانب سے تیار کردہ کتابچہ ’ لا گائیڈ ‘ کا سرپرست حلقہ ایس آئی او تلنگانہ و صدر حلقہ ایس آئی او تلنگانہ مہمانان کے ہاتھوں رسم اجرا عمل میں آیا ۔۔