درجہ حرارت میں کمی ۔ گرمی کی شدت برقرار

   

حیدرآباد۔7۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں درجہ حرارت میں ریکارڈ کی جانے والی گراوٹ کے باوجود بھی گرمی سے کوئی راحت حاصل نہیں ہورہی ہے۔ شہری گرمی کی شدت سے اب بھی پریشان ہیں اور کہا جار ہاہے کہ رطوبت میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے نتیجہ میں گرمی کی شدت میں کمی واقع نہیں ہوئی حالانکہ درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگی ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے بیشتر مقامات پر جہاں درجہ حرارت 42تا43.5 ڈگری ریکارڈ کیا جا رہاتھا ان تمام علاقوں میں درجہ حرارت 40 سے کم رہاہے لیکن گرمی کی شدت میں کسی بھی طرح کی کمی نہیں ہے۔ ماہرین کا کہناہے کہ دونوں شہروں میں ائیرکنڈیشن کے استعمال میں اضافہ و گاڑیوں میں ائیر کنڈیشن سے خارج ہونے والی گرم ہواؤں کے نتیجہ میں ماحولیاتی گرمی میں کمی نہیں ہورہی ہے جبکہ وقفہ وقفہ سے بارش کے سبب زمین کی گرمی کے اخراج کے سبب گرمی شدت میں کمی کے بجائے گرم ہواؤں کا سلسلہ برقرار ہے۔ بتایا گیا کہ آئندہ تین یوم میں درجہ حرارت میں کسی بھی طرح کا اضافہ ریکارڈ کئے جانے کا کوئی امکان نہیں ہے اور شہر کے مختلف مقامات پر غیر موسمی بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔3