درخواست فیس میں کوئی اضافہ نہیں، یو پی ٹیٹ امیدواروں کو راحت

   

لکھنؤ،21 ستمبر (یواین آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاست کے لاکھوں نوجوان کو راحت دیتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ اس بار اساتذہ اہلیت امتحان (یوپی ٹی ای ٹی) کی درخواست فیس میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ تعلیمی خدمات انتخاب کمیشن کی جانب سے فیس میں اضافے کی تیاری کی جا رہی تھی اور اس سلسلے میں ایک تجویز حکومت کو بھیجی گئی تھی۔ جیسے ہی وزیر اعلیٰ کو معاملے کی اطلاع ملی، انہوں نے فوراً سخت نوٹس لیتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ امیدواروں پر کسی بھی طرح کا اضافی مالی بوجھ نہ ڈالا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ امتحان دینے والے نوجوانوں کی سہولت سب سے مقدم ہے ، اس لیے کسی قسم کی فیس بڑھوتری نہیں ہوگی۔فی الوقت ٹی ای ٹی کی درخواست فیس 600 روپے ہے ۔ اگر اضافہ ہوتا تو لاکھوں امیدواروں پر اضافی بوجھ پڑتا، مگر حکومت کے اس فیصلے سے انہیں بڑی راحت ملی ہے ۔ ادھر کمیشن نے تجویز دی ہے کہ اگلے سال 29 اور 30 جنوری کو ٹی ای ٹی کا انعقاد کیا جائے گا۔ امتحان دینے کے لیے کم از کم اہلیت بی ایڈ یا ڈی ایل ایڈ جیسی ڈگریاں مقرر کی گئی ہیں۔