دروپدی مرمو نے کاغذات نامزدگی داخل کئے

,

   

صدارتی امیدوار کو معقول حمایت ۔ وزیراعظم مودی تجویز کنندگان میں شامل

نئی دہلی :قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کی صدارتی انتخاب کی امیدواردروپدی مرمو نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔شریمتی مرمو ٹھیک 12:30 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں راجیہ سبھا سکریٹری جنرل کے دفتر پہنچیں اور چار سٹوں میں صدارتی انتخاب کے لیے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔اس موقع پر مودی کے علاوہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، پارلیمانی امور کے وزیر اور کئی مرکزی وزراء بھی موجود تھے ۔ بیجو جنتا دل اور وائی ایس آر کانگریس اور کئی دیگر جماعتوں کے قائدین بھی شریمتی مرمو کی نامزدگی کے وقت موجود تھے ۔وزیراعظم مودی، وزیر دفاع سنگھ اور بی جے پی پارلیمانی بورڈ کے ارکان کے نام پہلے سٹ میں تجویز کنندگان کے طور پر درج ہیں۔پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس واقع لائبریری بلڈنگ میں پہنچیں شریمتی مرمو کے ساتھ دیگرقائدین نے کاغذات نامزدگی سے متعلق دستاویزی رسمی کارروائیوں کو مکمل کیا۔ یہاں سے تمام تجویز کنندگان مودی کی قیادت میں شریمتی مرمو کے ساتھ راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل کے دفتر کے لئے روانہ ہوئے ۔ پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس پہنچتے ہی شریمتی مرمو نے بابائے قوم گاندھی جی کے مجسمہ پر پھول چڑھائے اور خراج عقیدت پیش کیا۔صدارتی انتخاب 18 جولائی کو ہونا ہے اور ووٹوں کی گنتی 21 جولائی کو ہوگی۔