دنیا بھر میں آج یوم القدس کا اہتمام ‘فلسطین سے اظہار یکجہتی

,

   

فلسطین عالم اسلام کا سب سے اہم مسئلہ ‘اسرائیل کے خلاف احتجاج میں شامل ہونے پر زور

تہران :یو م القدس ہر سال رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو منایا جاتا ہے جس کا اہم مقصد فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی جدوجہد میں کامیابی کیلئے ان کے حوصلہ کو بڑھانا ہے ۔سب سے پہلے ایران نے 1979میں اس کااہتمام کیا تھا جس کے تحت دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریالیوں کا انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے ۔یوم القدس دنیا بھر میں عوام فلسطینی عوام کیلئے انصاف اور ان کی سرزمین میں امن کا مطالبہ کرتے ہیں ۔اسرائیل کے فلسطین پر حالیہ حملہ نے گذشتہ 75برسوں میں سب سے زیادہ ظلم ڈھائے ہیں۔ پاکستان میں ایران کے سفارت خانے نے عالمی یوم قدس کے موقع پر جاری بیان میں کہا ہے کہ فلسطین عالم اسلام کا سب سے بڑا اور اہم ترین مسئلہ ہے، یوم القدس خاص طور پر فلسطینی کاز کے لیے وقف ہے، یہ دن دنیا کے لیے ایک موقع ہے کہ وہ خود ارادیت کے اصول پر مبنی آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے معاہدے کی تجدید کرے۔ سفارتخانے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک کا آخری جمعہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے اتحاد کی علامت کے طور پر عالمی یوم قدس کے نام سے جانا جاتا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یوم القدس خاص طور پر فلسطین اور فلسطینی کاز کے لیے وقف ہے لیکن اس سے آگے یہ عالم اسلام کے اتحاد و یکجہتی کے محور کے طور پر، قتل و غارت اور غاصبانہ قبضے کے ظلم کے خلاف جنگ میں مسلم ممالک کی بیداری اور اتحاد کا دن ہے۔ یہ دن دنیا کیلئے ایک موقع ہے کہ وہ بے گھر فلسطینی قوم کے 70 سال کے جبر کو یاد کرے اور خود ارادیت کے اصول پر مبنی آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے معاہدے کی تجدید کرے۔اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ فلسطین کے کاز کا حامی رہا ہے اور اس کا کھل کر اعلان بھی کیا ،فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کرنا کوئی وقتی حکمت عملی نہیں اور یہ نہ صرف مذہبی عقائد سے جڑی ہے بلکہ سب سے اہم بات کہ یہ ایک انسانی فریضہ ہے جو اسلامی جمہوریہ اور اس کے آئین کی روح اور ماہیت کے عین مطابق ہے۔ یوم قدس تشدد، قتل و غارت اور امتیازی سلوک کی مذمت، فلسطینی عوام کے حقوق پر زور دینے اور حق خودارادیت کے دفاع کے لیے ایک بڑھتی عالمی مہم ہے۔ عالم اسلام پر فلسطین کی مکمل آزادی اور صیہونی حکومت کے قبضے اور توسیع پسندی کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور اور دنیا بھر کے تمام مسلمانوں و آزاد لوگوں کو عالمی یوم قدس کی مہم میں شامل ہونے کی دعوت دیتا ہے۔اس موقع پر تمام مسلمانوں کو فلسطینی عوام کیلئے اپنی حمایت کا اظہار کرنا اوراسرائیلی جارحیت کو فوری بند کرنے کا مطالبہ کرنا چاہئیے ۔