دنیا بھر میں تقریباً 50 کروڑ افراد بیروزگار : اقوام متحدہ

,

   

نیویارک ۔ 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں تقریباً 50 کروڑ افراد یا تو بے روزگار ہیں یا انہیں جزوی بے روزگاری کا سامنا ہے جس کے باعث معاشرتی بدامنی میں اضافہ ہو رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق سال 2009 سے 2019 تک دنیا بھر میں ہڑتالوں اور احتجاجی تحریکوں کی تعداد میں اضافہ نوٹ کیا گیا جس کی وجوہات میں یہ امر بھی شامل تھا کہ زیادہ تر بے روزگار افراد ان تحریکوں اور ہڑتالوں کا حصہ بنے۔فرانس کے خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ نے اقوامِ متحدہ کی ذیلی تنظیم انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ گزشتہ برس بے روزگاری کی شرح پانچ اعشاریہ چار فی صد تھی جس میں تبدیلی کی توقع نہیں کی جارہی تھی لیکن رواں برس کے اختتام تک بے روزگاری کی مجموعی تعداد میں اضافے کا امکان ہے۔رپورٹ میں معاشی سست روی اور آبادی میں اضافے کو بے روزگاری میں اضافے کی اہم وجہ قرار دیا گیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 15 سے 24 سال کی عمر کے 26 کروڑ 70 لاکھ نوجوان روزگار، تعلیم یا تربیت حاصل نہیں کر پا رہے۔آئی ایل او نے اپنی سالانہ ورلڈ ایمپلائمنٹ اینڈ سوشل آؤٹ لک رپورٹ میں کہا کہ سال 2019 میں رجسٹرڈ بیروز گار افراد کی تعداد 18 کروڑ 80 لاکھ تھی جو رواں سال کے اختتام تک 19 کروڑ 50 لاکھ ہونے کی توقع ہے۔