دنیا مستقبل کی وباؤں سے نمٹنے کیلئے بھی تیار رہے: عالمی ادارہ صحت

   


جنیوا : ایک ایسے وقت میں جب پوری دنیا کورونا وائرس کے مہلک مرض سے نبرد آزما ہے, عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے تمام ممالک پر زور دیا ہے کہ انہیں مستقبل کے عالمی امراض سے نمٹنے کے لیے ابھی سے تیار رہنا چاہیے۔ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہینم گیبراسس نے یہ بات وبائی امراض کے خلاف تیاری سے موسوم پہلے بین الاقوامی دن کے موقع پر کہی۔ ان کے الفاظ میں ’’ اگر ہم تیاری میں ناکام رہتے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ ہم ناکام ہونے کے لیے تیار ہو رہے ہیں۔ ‘‘اس سلسلے میں انہوں نے “گلوبل پریپیرڈنیس مانیٹرنگ بورڈ” کی گزشتہ سال شائع ہونے والی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا اس وقت مستقبل میں پھوٹنے والی کسی عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے تیار نہیں ہے۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے تنبیہہ کی کہ اگر ہم اپنے آپ کو مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار نہیں کرتے تو دنیا ایک عالمی وبا سے دوسری عالمی وبا میں داخل اور اس سے دو چار ہو سکتی ہے اور ایسا دور اندیشی نہ ہونے کی وجہ سے ہی ہو گا۔
خیال رہے کہ کورونا وبا کو ایک سال ہونے کو ہے اور اس عالمگیر وبا نے پوری دنیا کی معیشت اور نظامِ زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔عالمی ادارہ صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ہفتے تک دنیا بھر میں آٹھ کروڑ لوگ اس وبا سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 17 لاکھ سے زائد افراد اس مہلک مرض سے فوت ہوچکے ہیں۔