دنیا میں کورونا سے 3.23 لاکھ ہلاکتیں ، تقریباً 50 لاکھ متاثرین

,

   

بیجنگ / جنیوا / نئی دہلی، 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عالمی وباکورونا وائرس (کووڈ 19) کے کیسزدنیا بھر میں دن بہ دن بڑھتے جارہے ہیں اور پوری دنیا میں اس جان لیوا وائرس کے قہر سے اب تک 3.23 لاکھ سے زائد لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور تقریبا 50 لاکھ لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں۔امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق متاثرین کی مجموعی تعداد 4897567 ہو گئی ہے جبکہ کل 323286 افراد کی اس بیماری سے موت ہو چکی ہے ۔ ہندوستان میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہاہے اور اب یہ ایک لاکھ سے زیادہ کیسز والے ممالک میں شامل ہو گیا ہے . مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کی جانب سے بدھ کو جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس کے انفیکشن سے اب تک 106750 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 3303 لوگوں کی موت ہوئی ہے جبکہ 42298 لوگ اس بیماری سے نجات پا چکے ہیں۔امریکہ میں کورونا وائرس سے دنیا میں سب سے زیادہ 15 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں اور اس انفیکشن سے مرنے والوں کی تعداد 90 ہزار کے اعداد و شمار کو پار کر چکی ہے . دنیا کی سپر پاور مانے جانے والے امریکہ میں متاثرین کی مجموعی تعدادمسلسل بڑھتے ہوئے 1528568 جبکہ 91921 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔روس میں بھی کووڈ -19 کے کیسز لگاتار تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور یہ اس انفیکشن سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے ۔ یہاں اب تک 299941 لوگ اس کی زد میں آ چکے ہیں اور 2837 اموات ہو چکی ہے ،اس دوران برازیل میں بھی کورونا وائرس کا بحران بڑھتا جا رہا ہے . یہاں 271885 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ‘کووڈ 19’ کی زد میں آنے سے ریکارڈ 1179 مریضوں کی موت کے بعد ملک میں اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 17971 ہو گئی ہے ۔ کورونا وائرس کے کیسز کے معاملے میں برازیل کا تیسرا مقام ہے ۔اس کے علاوہ برطانیہ میں بھی حالات مسلسل خراب ہوتے جا رہے ہیں. یہاں اب تک اس وبا سے 250138 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور اب تک 35422 لوگوں کی اس وباسے موت ہو چکی ہے ۔یوروپ میں شدید متاثر ملک اٹلی میں اس وبا کی وجہ سے اب تک 32169 افراد ہلاک ہوئے اور 226699 لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں۔